باغات کے شہر لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا ہے، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 214 ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے رائے ونڈ میں ایئر کوالٹی انڈیکس 266، ڈی ایچ اے فیز 5 میں 244، بیدیاں روڈ پر 230، برکی روڈ پر 224 اور پیراگون میں 218 ریکارڈ کیا گیا۔
ماڈل ٹاؤن میں فضائی آلودگی کی شرح 217، اقبال ٹاؤن میں 196، چمن پارک میں 189 جبکہ عسکری ٹین میں 169 ریکارڈ ہوئی۔
دوسری جانب لاہور میں گرمی کا احساس برقرار ہے اور موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہے، جبکہ تقریباً 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اورموسم گرم اور نسبتاً مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں، جس کے باعث شہریوں کو گرم اور خشک موسم کا سامنا رہے گا۔
طبی ماہرین کہتے ہیں کہ یہ فضا سانس لینے کیلئے مہلک ہے جبکہ ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی سے مناسب اقدامات نہ کیے گئے تو موسم سرما میں اس کے سنگین نتائج آسکتے ہیں۔