وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود،ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی برادر عوام کو دلی مبارکباد دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی نہ صرف مملکت بلکہ پاکستان کے لئے قابل فخر ہے،میرے بھائی محمد بن سلمان کی متحرک اور دوراندیش قیادت میں سعودی عرب خوشحالی اور جدیدیت کے سفر پر گامزن ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور آزمودہ بھائی چارے پر فخر محسوس کرتا ہےجس کی بنیاد مذہب ،باہمی اعتماد اور عوام کے درمیان پائیدارتعلقات پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی یہ برادرانہ تعلقات مزید تذویراتی شراکت داری میں تبدیل ہورہے ہیں جس کی بنیاد امن،سلامتی اور مسلم امہ کے اتحادکے لئے ہماری مشترکہ وابستگی پر قائم ہے،ہم نے فخر کے ساتھ سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے اور مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کئے ۔
Warmest felicitations to the Custodian of the Two Holy Mosques, His Majesty King Salman bin Abdulaziz Al Saud, His Royal Highness Crown Prince Mohammed bin Salman, and the brotherly people of the Kingdom of Saudi Arabia on their National Day.
وزیر اعظم نے کہا کہ میں اس موقع پر مملکتِ سعودی عرب کے خلاف حالیہ حوثی حملوں بالخصوص مقدس شہر مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کا اعادہ کرتا ہوں، حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید مجروح کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مملکتِ سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور اسلام کے مقدس ترین مقامات کی حفاظت کے لیے غیر متزلزل طور پر مملکت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ، پاکستان سعودی عرب برادرانہ دوستی زندہ باد کے نعرے کے ساتھ اختتام کرتے ہوئے وزیراعظم نےکہا کہ میری دعا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات دن دگنی رات چوگنی ترقی کرتے رہیں۔
صدرمملکت آصف علی زرداری کی سعودی قیادت اور عوام کو 96ویں قومی دن پر مبارکباد
صدرِ مملکت آصف زرداری نے بھی نے سعودی قیادت کے نام اپنے تہنیتی خطوط میں نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ عقیدے، تاریخ، دوستی، باہمی اعتماد اور یکجہتی کے گہرے رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ تزویراتی باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ دیرینہ شراکت داری میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، جو خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ، دونوں برادر ممالک اپنے قریبی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جو ٹھوس تعاون اور دوطرفہ، علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر باہمی حمایت سے عبارت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات دونوں ممالک اور عوام کے باہمی مفاد میں مختلف شعبوں میں مزید مستحکم اور وسیع ہوں گے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ وہ مناسب اور جلد تاریخ پر ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا پاکستان میں خیرمقدم کرنے اور دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔
سعودی عرب کا قومی دن
واضح رہے کہ سعودی عرب میں ہر سال 23؍ستمبر کو قومی یومِ سعودی عرب کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یہ دن 1932ء میں شاہ عبد العزیز بن عبد الرحمن آل سعود کے ذریعے مملکتِ سعودی عرب کے قیام کی مناسبت سے یوم تاسیس کے طور پر منایا جاتا ہے۔
سعودی حکومت اور عوام کی طرف سے اِس دن مختلف روایتی تہواروں اور تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے، سڑکوں اور عمارتوں کو سعودی پرچموں سے سجایا جاتا ہے اور لوگ سبز اور سفید لباس زیب تن کرتے ہیں، مملکت کو سبز اور سفید سعودی غباروں سے سجایا جاتا ہے۔
23 ستمبر کو مملکتِ سعودی عرب کے قومی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ ممتاز سعودی فرمانروا شاہ فیصل بن عبدالعزیز آل سعود کے دور میں اگست 1965ء میں اُن کی طرف سے جاری کردہ ایک شاہی فرمان کے تحت کیا گیا اور اِسی سال 23ستمبر کو پہلی بار یہ دن باقاعدہ سرکاری طور پر منایا گیا۔