پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم کے حالیہ کنسرٹ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک مداح نے پرفارمنس کے دوران اپنا موبائل فون اسٹیج پر پھینک دیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عاطف اسلم اسٹیج پر گانا گا رہے تھے کہ اچانک مداحوں کی جانب سے مختلف چیزیں اسٹیج کی طرف پھینکی جانے لگیں۔ اسی دوران ایک موبائل فون بھی عاطف اسلم کے قریب آ کر گرا۔
عاطف اسلم نے پرفارمنس روک کر موبائل فون اٹھایا اور مداح کے انداز پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا، ’فون ہی پھینک دیا اوپر، یہ تو ٹوٹ چکا ہوگا اب تک۔‘
ویڈیو میں ایک اور مداح کو مبینہ طور پر اپنا سبز دوپٹہ بھی اسٹیج پر پھینکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایسے واقعات بعض اوقات مداحوں کی جانب سے اپنے پسندیدہ فنکار کی توجہ حاصل کرنے یا آٹوگراف لینے کے لیے دیکھنے میں آتے ہیں، تاہم اس طرح کسی چیز کو اسٹیج پر پھینکنا خطرناک بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ موبائل فون اگر عاطف اسلم کو براہ راست لگتا تو وہ زخمی بھی ہو سکتے تھے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے کنسرٹس میں مداحوں کے رویے پر بحث کی جا رہی ہے۔ کئی صارفین نے عاطف اسلم کے پرسکون اور مزاحیہ ردعمل کو بھی سراہا۔ عاطف اسلم کی جانب سے موبائل فون اٹھانے اور اس پر فوری ردعمل دینے کا انداز بھی ویڈیو کی مقبولیت کی ایک وجہ بن گیا ہے۔