ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

بلوچستان کے سرحدی شہر چمن اور گردونواح سمیت پاک افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز چمن کے قریب واقع پہاڑی سلسلے میں بتایا گیا ہے۔

زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی بعض علاقوں میں لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے، تاہم زلزلے کی شدت کم ہونے کے باعث کسی بڑے نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق حالیہ دنوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں چترال، سوات، ملاکنڈ اور ضلع مہمند میں بھی زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:سپیکر قومی اسمبلی نے عمران خان سے ملاقاتوں سے متعلق بڑا راز کھول دیا

گزشتہ روز آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.9 ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 196 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز کوہِ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ بتایا گیا تھا۔

زلزلہ پیما ماہرین کے مطابق پاکستان کا شمالی اور مغربی خطہ زلزلہ خیز پٹی میں واقع ہے، جہاں زیرِ زمین پلیٹوں کی حرکت کے باعث وقتاً فوقتاً زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے رہتے ہیں۔

حکام کے مطابق موجودہ زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان یا املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم شہریوں کو زلزلے کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کھلی جگہ پر منتقل ہونے کی ہدایت کی جاتی ہے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles