سی ٹی ڈی کی جوائنٹ ٹیم نے کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد پر نمازِ جمعہ کے دوران خودکش حملے میں ملوث نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ 2 دہشت گرد تنظیموں نے مل کر کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کا منصوبہ بنایا ، حملہ آور ساتھیوں کو سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ سے چھڑانا چاہتے تھے۔
حکام نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں نے کوہاٹ میں کچھ دن قیام کیا، ہلاک خودکش حملہ آور کی گاڑی کا ڈیٹا اور تفصیلات حاصل کر لی ہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کا منصوبہ ناکام بنایا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے گزشتہ سال بھی کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم حملے سے قبل دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ جمعے کو کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد پر نمازِ جمعہ کے دوران خودکش حملہ کیا گیا تھا جس میں پولیس اہلکاروں سمیت 23 افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔