پاکستان میں نئے مشین ریڈیبل پاسپورٹ کا اجرا بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، 15 اکتوبر 2026 یا اس کے بعد تمام نئی درخواستیں صرف ای پاسپورٹ کے لیے وصول کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے ملک بھر اور بیرون ملک موجود تمام پاسپورٹ دفاتر میں مشین ریڈیبل پاسپورٹس کا نیا اجرا مکمل طور پر بند کرنے اور صرف جدید ای پاسپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے 15 اکتوبر 2026 سے نئے مشین ریڈیبل پاسپورٹ کی پروسیسنگ روکنے کا پلان ترتیب دے دیا ہے۔
حکام کے مطابق شہری 14 اکتوبر 2026 تک مشین ریڈیبل پاسپورٹ کے لیے نئی درخواستیں جمع کراسکیں گے، جبکہ 15 اکتوبر یا اس کے بعد تمام درخواستیں صرف ای پاسپورٹ کے لیے وصول کی جائیں گی۔
موجودہ مشین ریڈیبل پاسپورٹ کب تک کارآمد ہوں گے؟
جن شہریوں کے پاس پہلے سے مشین ریڈیبل پاسپورٹ موجود ہیں، وہ اپنی مقررہ میعاد ختم ہونے تک کارآمد رہیں گے۔ تاہم میعاد ختم ہونے کے بعد ان پاسپورٹس کی تجدید نہیں کی جائے گی بلکہ ان کی جگہ ای پاسپورٹ جاری کیا جائے گا۔
اس حوالے سے پالیسی کے احکامات ملک بھر کے تمام متعلقہ پاسپورٹ دفاتر اور بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں کو بھیج دیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جون 2026 میں پاسپورٹ ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والے اجلاس کے دوران جعلی پاسپورٹس اور فراڈ کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر ای پاسپورٹس پر منتقل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
ای پاسپورٹ کی خصوصیات
ای پاسپورٹ ایک محفوظ سفری دستاویز ہے جس میں الیکٹرانک کانٹیکٹ لیس این ایف سی چپ نصب ہوتی ہے۔ اس چپ میں شہری کا بائیومیٹرک ڈیٹا، چہرے کی تفصیلات، شناختی نمبر اور ڈیجیٹل دستخط محفوظ ہوتے ہیں۔
بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے معیار کے مطابق تیار کردہ ای پاسپورٹ ہولڈرز کو دنیا بھر کے ایئرپورٹس پر ’ای گیٹ‘ کی سہولت استعمال کرنے کے قابل بنائے گا، جس سے امیگریشن کے عمل میں انتظار کا وقت کم کرنے میں مدد ملے گی۔
ای پاسپورٹ کی فیس
36 صفحات پر مشتمل 5 سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 9 ہزار روپے جبکہ ارجنٹ فیس 15 ہزار روپے مقرر ہے۔
36 صفحات پر مشتمل 10 سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 13 ہزار 500 روپے جبکہ ارجنٹ فیس 22 ہزار 500 روپے ہے۔
72 صفحات پر مشتمل 5 سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 16 ہزار 500 روپے جبکہ ارجنٹ فیس 27 ہزار روپے مقرر ہے۔
72 صفحات پر مشتمل 10 سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 24 ہزار 750 روپے جبکہ ارجنٹ فیس 40 ہزار 500 روپے ہے۔