پہلا پاسپورٹ بنوانے والے اوورسیز پاکستانیوں کو بڑا ریلیف مل گیا

پہلا پاسپورٹ بنوانے والے اوورسیز پاکستانیوں کو بڑا ریلیف مل گیا

پہلا پاسپورٹ بنوانے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے حکومت کی جانب سے بڑا ریلیف دے  دیا گیا ہے۔

حج 2027 کی تیاری کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اہم خبر سامنے آگئی ، پہلی بار پاکستانی پاسپورٹ بنوانے والے دوہری شہریت کے حامل افراد کو اب سیکیورٹی کلیئرنس کے طویل انتظار سے بچانے کے لیے خصوصی سہولت فراہم کر دی گئی ہے، جس سے حج کے لیے وقت پر پاسپورٹ حاصل کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

یہ فیصلہ خاص طور پر ان پاکستانیوں کے لیے اہم ہے جو پاکستانی پاسپورٹ پر حج ادا کرنا چاہتے تھے، لیکن پہلے پاسپورٹ کے لیے لازمی سیکیورٹی کلیئرنس میں تاخیر کے باعث مقررہ وقت میں دستاویز حاصل کرنے کے حوالے سے پریشان تھے۔

اوورسیز پاکستانیوں کیلئے سیکیورٹی کلیئرنس کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ

دوہری شہریت رکھنے والے اوورسیز پاکستانی حجاج کے لیے پہلے پاکستانی پاسپورٹ کی لازمی سیکیورٹی کلیئرنس کا عمل تیز کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے ڈائریکٹر جنرل انٹیلیجنس بیورو پاکستان فواد اسد اللہ خان سے باہمی مشاورت کے بعد یہ احکامات جاری کیے  ، اس حوالے سے دنیا بھر میں قائم پاکستانی سفارتخانوں کو بھی باقاعدہ سرکلر جاری کر دیا گیا ہے، تاکہ حج 2027 کے خواہش مند افراد کی درخواستوں پر جلد کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

 خصوصی فارم جاری

پاسپورٹ آفس نے حج درخواست گزاروں کے لیے ایک خصوصی فارم بھی جاری کیا ہے۔

اب متعلقہ درخواست گزار اپنے کوائف مکمل کرکے یہ فارم پاسپورٹ درخواست کے ساتھ پاکستانی سفارتخانے میں جمع کرائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد سیکیورٹی کلیئرنس کا عمل جلد مکمل کرنا اور پاسپورٹ کے حصول میں غیر ضروری تاخیر کو کم کرنا ہے۔

اس سہولت سے ان اوورسیز پاکستانیوں کو خاص طور پر فائدہ ہوگا جو پہلی مرتبہ پاکستانی پاسپورٹ حاصل کر رہے ہیں اور حج 2027 کے لیے پاکستانی پاسپورٹ استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

رپورٹ کے مطابق مختلف ممالک میں قائم پاکستانی سفارتخانوں میں اس معاملے سے متعلق ہزاروں درخواستیں زیرِ التوا ہیں۔ دوہری شہریت رکھنے والے پاکستانی سیکیورٹی کلیئرنس میں تاخیر کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔

اسی صورتحال کے پیش نظر نومبر سے قبل زیرِ التوا درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے، تاکہ حج کے خواہش مند پاکستانی بروقت اپنی سفری تیاری مکمل کر سکیں۔

واضح رہے کہ یہ سہولت صرف حج 2027 کے خواہش مند افراد کے لیے ہوگی ،  پہلے پاکستانی پاسپورٹ کی سیکیورٹی کلیئرنس مکمل ہونے میں کئی ماہ لگنے کے باعث درخواست گزاروں کو طویل انتظار کرنا پڑتا تھا۔

اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کم کرنے کی کوشش

اس معاملے پر دو ہفتے قبل چیئرمین اوورسیز پاکستانیز ویلفیئر کونسل نعیم نقشبندی نے اسلام آباد میں ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا سے تفصیلی ملاقات بھی کی تھی ، ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل، ریاست اور سمندر پار پاکستانیوں کے درمیان مزید ہم آہنگی اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

حج 2027 کے خواہش مند اوورسیز پاکستانیوں کے لیے یہ پیش رفت اس لحاظ سے اہم ہے کہ پاسپورٹ کے حصول میں تاخیر ان کی حج کی تیاریوں کو متاثر کر سکتی تھی۔ اب خصوصی فارم اور تیز سیکیورٹی کلیئرنس کے ذریعے اس عمل کو بروقت مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

editor

Related Articles