بلوچستان کے علاقے مند میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا، جبکہ گروپ کے دیگر ارکان کی جانب سے ایران فرار ہونے کی کوشش بھی ناکام بنادی گئی۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شبیّر عرف زرین اور غالب عرف حمل نامی عناصر، جو کالعدم تنظیم بی ایل ایف کے سابقہ فیلڈ فارمیشن سے وابستہ رہے ہیں، مند کے علاقے میں سرگرم تھے اور حالیہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق مذکورہ گروپ نے 22 ستمبر کو ردیگ بارڈر کراسنگ کے مقام پر فائر ریڈ کیا اور آگ لگانے کی کوشش کی تھی،اس کے بعد 24 ستمبر کو مہر پوسٹ کے قریب ایک پکٹ پارٹی کو آئی ای ڈی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوا۔
ایران فرار ہونے کی کوشش
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سابقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر یہ اطلاع ملی کہ مذکورہ گروپ ایران کی جانب فرار ہونے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے،اطلاع ملنے کے بعد بارڈر پر موجود سیکیورٹی پوسٹوں کو الرٹ کردیا گیا جبکہ نگرانی کا عمل مزید سخت کردیا گیا۔
بارڈر پر کارروائی
سیکورٹی ذرائع کے مطابق 24 ستمبر کو شام 5 بج کر 42 منٹ پر گروپ کے ارکان کو پاکستان سے ایران کی جانب فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے بارڈر پوائنٹ 219 اور پی 210 کے درمیان دیکھا گیا۔سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی اور ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔
بروقت کارروائی سے ہدف حاصل
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بروقت انٹیلی جنس معلومات، مؤثر نگرانی، فوری ردعمل اور درست نشانہ بندی کے باعث دہشت گرد کی مؤثر انداز میں کارروائی کی گئی۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے نگرانی اور سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ سرحدی علاقے میں سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کردیے گئے ہیں۔