27 ستمبر پی ٹی آئی لانگ مارچ، پشاور پولیس کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایت، سی سی پی او نے مراسلہ جاری کردیا

27 ستمبر پی ٹی آئی لانگ مارچ، پشاور پولیس کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایت، سی سی پی او نے مراسلہ جاری کردیا

27 ستمبر کو پاکستان تحریک انصاف کے متوقع لانگ مارچ کے پیش نظر پشاور پولیس نے افسران و اہلکاروں کو سیاسی سرگرمیوں میں شرکت سے روک دیا ہے۔

سی سی پی او پشاور کی جانب سے جاری مراسلے میں پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مارچ، ریلی یا جلسے میں شرکت نہ کریں اور سیاسی سرگرمیوں کی براہِ راست یا بالواسطہ معاونت سے بھی گریز کریں۔

مراسلے کے مطابق سرکاری گاڑیوں، مشینری اور دیگر سرکاری وسائل کو سیاسی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

پشاور پولیس کے افسران و اہلکاروں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی شخص کو مارچ، ریلی یا جلسے میں شرکت کے لیے مجبور نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کی ہٹ دھرمی، حکومت کو بالآخر اسلام آباد، پشاور موٹروے بند کرنا پڑگئی

سی سی پی او کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی سیاسی رہنما یا عوامی نمائندے کی جانب سے پولیس افسران یا اہلکاروں پر کسی قسم کا دباؤ ڈالا جائے تو متعلقہ افسران کو فوری طور پر اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا جائے۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی، جس میں بڑی سزا بھی شامل ہو سکتی ہے۔

پشاور پولیس کے تمام افسران و اہلکاروں کو عدالتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

سی سی پی او کے مطابق یہ ہدایات اسلام آباد ہائیکورٹ کے 14 ستمبر 2026 کے حکم کی روشنی میں جاری کی گئی ہیں۔

مراسلے میں سیاسی سرگرمیوں سے متعلق معاملات میں پولیس کو فوری مداخلت سے گریز کرنے اور معاملہ اعلیٰ حکام کے علم میں لانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

Related Articles