1980 کی دہائی کی اےآئی تصویر نے 45 سال سے مفرور خاتون چور کو پکڑوا دیا

1980 کی دہائی کی اےآئی تصویر نے 45 سال سے مفرور خاتون چور کو پکڑوا دیا

دنیا بھر میں مقبول 1980 کی دہائی کے فیشن اور انداز پر مبنی اےآئی فوٹو ٹرینڈ نے جہاں لوگوں کو اپنی پرانی یادوں اور منفرد انداز میں تصاویر بنانے کا موقع دیا، وہیں اسی ٹرینڈ کے باعث 45 سال سے پولیس کی نظروں سے اوجھل خاتون چور بھی پکڑی گئی۔

یہ دلچسپ واقعہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے تقریباً 45 سال قبل اپنی جوانی میں سنار کی دکان سے سونا چوری کیا تھا۔واردات کے بعد خاتون نے اپنی شناخت تبدیل کی، شہر بدلا اور کئی دہائیوں تک قانون کی گرفت سے دور زندگی گزارتی رہی۔ دوسری جانب پولیس نے بھی طویل عرصے تک کوئی سراغ نہ ملنے کے باعث کیس کی فائل محفوظ کردی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:ہیرا پھیری اورویلکم کے معروف اداکار مشتاق خان انتقال کر گئے

ایک تصویر نے 45 سال پرانا راز کھول دیا

حالیہ عرصے میں 1980 کی دہائی کے فیشن اور ماحول پر مبنی AI فوٹو ٹرینڈ سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہوا، جس میں عام صارفین کے ساتھ معروف شخصیات بھی اپنی تصاویر اسی انداز میں تبدیل کرکے شیئر کررہی ہیں۔

اسی ٹرینڈ سے متاثر ہوکر مذکورہ خاتون نے بھی اپنی ایک تصویر کو 1980 کی دہائی کے انداز میں تبدیل کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔خاتون کو شاید اندازہ بھی نہیں تھا کہ یہ تصویر اس کے ماضی تک پہنچنے کا ذریعہ بن جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو اتفاق سے یہ اسی سنار تک بھی پہنچ گئی جس کی دکان سے کئی دہائیاں قبل سونا چوری ہوا تھا۔سنار نے خاتون کو تصویر میں پہچان لیا اور مبینہ طور پر فوراً پولیس سے رابطہ کرکے شکایت درج کرادی۔

یہ بھی پڑھیں:پلاسٹک کچرا اب سونا بن گیا، سستا پیٹرول بنانے کا انوکھا طریقہ سامنے آگیا

45 سال پرانی فائل دوبارہ کھول دی گئی

معاملہ پولیس تک پہنچنے کے بعد کئی دہائیوں سے محفوظ کیس کی فائل دوبارہ کھولی گئی اور خاتون کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سنار کے سامنے آنے کے بعد خاتون نے مبینہ طور پر اپنے جرم کا اعتراف کرلیا اور اپنے کیے پر معذرت بھی کی۔

تاہم خاتون نے چوری کیا گیا سونا واپس کرنے سے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ کئی دہائیاں گزرنے کے دوران وہ سونا خرچ کرچکی ہے۔یوں ایک ایسا AI فوٹو ٹرینڈ، جو صرف تفریح اور ماضی کے فیشن کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے شروع ہوا تھا، ایک 45 سال پرانے چوری کے مقدمے تک پولیس کو پہنچانے کا سبب بن گیا۔

editor

Related Articles