پاکستان کے لیے نامزد سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں وزارت خارجہ اور سعودی سفارتخانے کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی ہفتہ کی صبح اسلام آباد پہنچے، جہاں پاکستانی وزارت خارجہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر (پروٹوکول) خوشان سعید نے نامزد سعودی سفیر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سعودی ناظم الامور نائف بن حمود بن ملافخ سمیت سعودی سفارتخانے کا دیگر عملہ بھی موجود تھا۔
ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی پیر سے پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریوں کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے دفتر کا چارج سنبھالیں گے۔ سعودی عرب نے انہیں پاکستان میں نئے سفیر کے طور پر مقرر کیا ہے اور انہوں نے جولائی 2026 میں سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی میجر جنرل (ر) ہیں اور سعودی مسلح افواج میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ دستیاب معلومات کے مطابق ان کا عسکری پس منظر اور سفارتی تجربہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی امور میں رابطوں کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔
پاکستان میں ان کی تعیناتی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اسلام آباد اور ریاض کے درمیان سیاسی، دفاعی، اقتصادی اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ روابط جاری ہیں۔ سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کے مطابق ڈاکٹر راجح البقمی نے پاکستان میں سفیر کی حیثیت سے حلف اٹھانے والے نئے سعودی سفیروں میں شامل ہو کر اپنی نئی ذمہ داری کا آغاز کیا تھا۔
ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے اگست 2026 میں ریاض میں کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں پاکستان میں انسانی ہمدردی اور امدادی امور سے متعلق باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نئے سعودی سفیر پاکستان میں نواف بن سعید المالکی کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ان کی آمد کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جاری سفارتی رابطوں اور باہمی تعاون کے حوالے سے ان کی سفارتی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔