نادرا نے شادی شدہ اور غیر شادی شدہ خواتین کے لیے خصوصی سہولت کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت برتھ سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی صورت میں بھی شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت دی گئی ہے
کن خواتین کو یہ سہولت ملے گی؟
نادرا کے مطابق 18 سال سے زائد عمر کی وہ خواتین جن کے پاس برتھ سرٹیفکیٹ موجود نہیں، وہ اب بھی اپنا شناختی کارڈ بنوا سکیں گی ، بس چند شرائط پوری کرنا ہوں گی۔
شادی شدہ خواتین کے لیے طریقہ کار
شادی شدہ خواتین کمپیوٹرائزڈ نکاح نامہ جمع کروا کر شناختی کارڈ کے لیے درخواست دے سکیں گی تاہم اس کے ساتھ ایک لازمی شرط بھی رکھی گئی ہے: درخواست گزار خاتون کے شوہر یا والدین میں سے کسی ایک کا بائیومیٹرک تصدیق کے لیے موجود ہونا ضروری ہو گا۔
غیر شادی شدہ خواتین کے لیے کیا شرط
غیر شادی شدہ خواتین کے لیے نادرا نے ایک اور آسان راستہ نکالا ہے، ایسی خواتین کے پاس اگر والدین، بہن یا بھائی کا شناختی کارڈ موجود ہو تو وہ اسی بنیاد پر اپنا کارڈ بنوا سکیں گی ، البتہ اس کے لیے بھی ضروری ہے کہ خاتون کے والدین یا بہن بھائی میں سے کوئی ایک بائیومیٹرک تصدیق کے وقت ذاتی طور پر موجود ہو۔
یاد رہے کہ یہ خصوصی سہولت مستقل نہیں بلکہ محدود مدت کے لیے ہے ، نادرا کے مطابق یہ سہولت 31 دسمبر 2026 تک برقرار رہے گی، جس کے بعد اس کا اطلاق ختم ہو جائے گا لہٰذا جو خواتین اس سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہیں انہیں مقررہ مدت کے اندر اندر اپنے قریبی نادرا سینٹر سے رجوع کرنا ہو گا۔
یہ سہولت خاص طور پر ان خواتین کے لیے اہم ہے جو برتھ سرٹیفکیٹ نہ ہونے کے باعث شناختی کارڈ کے حصول میں مشکلات کا سامنا کر رہی تھیں۔