فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ 31 اکتوبر 2026 مقرر کرنے کی درخواست کردی۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع سے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ تاجروں کو بھی سہولت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کا آئی آر آئی ایس (IRIS) پورٹل شدید ٹریفک کے باعث بار بار سست روی کا شکار ہو رہا ہے اور بعض اوقات کریش بھی ہوجاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سسٹم کی ناکامی اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی کمزوری کی سزا ٹیکس دہندگان کو نہیں دی جانی چاہیے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ کاروباری برادری قومی خزانے میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے پرعزم ہے، تاہم ٹیکس قوانین اور رپورٹنگ کے تقاضوں میں ہونے والی ترامیم کے باعث تاجروں کو ابہام کا سامنا ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی کے مطابق مہنگائی اور معاشی مشکلات کے باعث چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجر متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع نہ کی گئی تو کئی کاروباری ادارے نان فائلر بن جائیں گے اور ان پر جرمانے عائد ہوں گے۔
انہوں نے وزیراعظم، وزیر خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر زمینی حقائق کا نوٹس لیتے ہوئے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کریں۔