فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی افغانستان وار کمیشن کے ایک وفد نے شریک چیئرز شمائلہ این چوہدری اور ڈاکٹر کولن ایف جیکسن کی قیادت میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی ہے۔
وفد افغانستان میں امریکا کی 20 سالہ شمولیت کا جائزہ لے رہا ہے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان میں پاکستان کی معاونت، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مذاکرات میں امریکی افغانستان وار کمیشن کے کام سے متعلق اہم امور اور مختلف پہلوؤں پر بھی بات چیت ہوئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افغانستان میں تنازع کے دوران سکیورٹی کی صورتحال کو تشکیل دینے والے عوامل کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے افغانستان میں طویل تنازع کے دوران پاکستان کو درپیش چیلنجز کو بھی اجاگر کیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے تنازع کے اسٹریٹجک، سفارتی اور آپریشنل پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے علاقائی نقطۂ نظر اور پاکستان کے تجربے کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
امریکی وفد نے افغانستان میں تنازع کے دوران پاکستان کے دیرینہ کردار اور قربانیوں کا اعتراف کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔