بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام یومِ دفاع و شہدا کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
پیپلز لبریشن آرمی کے کمیشن فار ڈسپلن انسپیکشن کے سیکریٹری اور سپروائزری کمیشن کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل لو ہوئی چی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں چین کے اعلیٰ سول و عسکری حکام، سفارتی کور کے ارکان، مختلف سفارتخانوں کے دفاعی اتاشی، میڈیا نمائندگان، پاکستانی کمیونٹی کے ارکان اور پاکستانی سفارتخانے کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز پاکستان اور چین کے قومی ترانوں سے ہوا، جو پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ کے طلبہ نے پیش کیے۔
اس موقع پر دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں جن میں 1965 کی جنگ کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں کو اجاگر کیا گیا۔ دستاویزی فلموں میں قدرتی آفات سے نمٹنے، بین الاقوامی امن مشنز اور علاقائی و عالمی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات کو بھی نمایاں کیا گیا۔
اپنے استقبالیہ کلمات میں پاکستانی سفارتخانے کے ڈیفنس اینڈ آرمی اتاشی بریگیڈیئر علی اصغر خان نے ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور لگن کو اجاگر کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفارتخانے کے قائم مقام ناظم الامور اعزاز خان نے پاکستان کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی کو اجاگر کرتے ہوئے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے لیے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی، قائم مقام ناظم الامور اور ڈیفنس اینڈ آرمی اتاشی کے درمیان یادگاری تحائف کا تبادلہ کیا گیا، جس کے بعد کیک کاٹا گیا۔