وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے نئی ہائبرڈ بسوں، پنک بس سروس، چمکنی ڈپو کی سولرائزیشن اور مال آف حیات آباد ڈپو کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ انہوں نے صوبے کی خواتین کے لیے پنک بسوں کا وعدہ کیا تھا جو آج سڑکوں پر موجود ہیں۔ ان بسوں میں سفر کرنے والی خواتین کے لیے کرایہ 25 فیصد کم ہوگا، جبکہ خواتین ڈرائیورز دوسروں کے لیے رول ماڈل ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ جو لوگ خیبر پختونخوا کے عوام کو دہشت گرد کہتے ہیں وہ آج دیکھیں کہ صوبائی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ پختون معاشرہ ہے جہاں خواتین اور بزرگوں کا احترام، بچوں پر شفقت اور حب الوطنی لوگوں کے خون میں شامل ہے۔ یہاں کوئی گھروں اور خواتین کی حرمت پامال کرنے کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔
4 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے 4 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں اور 4 اکتوبر کو ہر صورت اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک 99 ہزار ارب روپے کا مقروض ہے۔ ان کے مطابق جو لوگ عوامی مینڈیٹ سے آتے ہیں وہ ہمیشہ عوام کی خدمت کرتے ہیں اور عوامی مینڈیٹ رکھنے والے اپنے لیے جہاز اور پرپل انٹیریئر والی گاڑیاں نہیں خریدتے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ 3 روزہ کانفرنس کے لیے قوم کے 6 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔