اوپن اے آئی نے اپنا نیا مصنوعی ذہانت کا ایجنٹ ’’ڈاٹس‘‘ متعارف کرا دیا ہے، جو صارف کی ہدایات پر مختلف کام خودکار طریقے سے انجام دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
کمپنی نے ڈاٹس کا اعلان اپنی سالانہ ڈویلپر ڈے کانفرنس کے موقع پر کیا۔ اوپن اے آئی کے مطابق یہ ایک ایسا اے آئی ایجنٹ ہے جو ہر وقت صارف کی رسائی میں رہے گا اور تحریری فیڈ بیک یا وائس کمانڈ کے ذریعے دی گئی ہدایات پر عمل کرسکے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ڈاٹس ایک کلاؤڈ کمپیوٹر کی طرح کام کرتا ہے اور وقت کے ساتھ صارف کے فیڈ بیک سے سیکھتے ہوئے اس کی ترجیحات، کام کرنے کے انداز اور ضروریات کو سمجھنے کی صلاحیت پیدا کرسکتا ہے۔
ڈاٹس کو 4 ہزار سے زائد ایپس کے ساتھ منسلک کیا جاسکتا ہے، جس کے ذریعے یہ صارف کے مختلف کاموں میں مدد فراہم کرسکے گا۔ اوپن اے آئی کے مطابق صارف ڈاٹس کو ویب، موبائل اور ڈیسک ٹاپ سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر استعمال کرسکیں گے۔ اس کے ذریعے صارف اپنے کاموں کے لیے مخصوص ہدایات دے سکتا ہے جبکہ اے آئی ایجنٹ ان ہدایات کے مطابق کام انجام دے گا۔
کمپنی نے ڈاٹس میں صارف کی پرائیویسی اور تحفظ کے لیے بھی اضافی اقدامات کیے ہیں۔ صارف اس کی سرگرمیوں کے لیے مخصوص حدود طے کرسکتے ہیں اور خودکار طور پر کیے جانے والے بعض فیصلوں میں خود بھی شامل ہوسکتے ہیں۔
اوپن اے آئی کے مطابق ہر ڈاٹس ایجنٹ اپنے کلاؤڈ کمپیوٹر کے ماحول میں کام کرتا ہے۔ سپورٹڈ ویب سائٹس پر سائن ان ہونے کے لیے استعمال کیے جانے والے پاس ورڈز بھی محفوظ کیے جاسکتے ہیں، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ ان پاس ورڈز کی تفصیلات اے آئی ماڈل تک نہیں پہنچیں گی۔
نئے اے آئی ایجنٹ کے ذریعے اوپن اے آئی نے صرف سوالات کے جواب دینے والے چیٹ بوٹ سے آگے بڑھ کر ایسے اے آئی سسٹمز کی جانب قدم بڑھایا ہے جو صارف کی جانب سے عملی کام بھی انجام دے سکیں۔