بالی ووڈ اداکار شاہد کپور کی اہلیہ میرا راجپوت جلد اداکارہ کرینہ کپور کے معروف شو ’’واٹ وومن وانٹ‘‘ میں پہلی بار شرکت کریں گی۔
کرینہ کپور نے انسٹاگرام اسٹوری پر میرا راجپوت کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرکے مداحوں کو اس ملاقات کی جھلک دکھائی اور ان کی شو میں شرکت کی تصدیق کی۔ تصویر کے ساتھ کرینہ نے میرا راجپوت کو انتہائی خوش اخلاق اور پیاری قرار دیا۔
میرا راجپوت کی کرینہ کپور کے شو میں شرکت اس لیے بھی خاص توجہ حاصل کر رہی ہے کیونکہ کرینہ اور میرا کو عوامی سطح پر ایک ساتھ بہت کم دیکھا گیا ہے۔ شاہد کپور ماضی میں کرینہ کپور کے ساتھ تعلقات میں رہ چکے ہیں۔
کرینہ اور شاہد کپور نے 2004 سے 2007 تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا، جبکہ دونوں نے مقبول فلم ’جب وی میٹ‘ میں بھی ایک ساتھ کام کیا تھا۔ بعد ازاں کرینہ کپور نے 2012 میں اداکار سیف علی خان سے شادی کی۔ دونوں کے 2 بیٹے تیمور اور جہانگیر ہیں۔ دوسری جانب شاہد کپور نے 2015 میں میرا راجپوت سے شادی کی۔ دونوں کے دو بچے ہیں، بیٹی میشا اور بیٹا زین۔
یہ بھی پڑھیں:پریشے عدنان تنازع ، بشریٰ انصاری نادیہ خان کے دفاع میں سامنے آ گئیں
’واٹ وومن وانٹ‘میں کیا بات ہوتی ہے؟
کرینہ کپور 2018 سے’واٹ وومن وانٹ‘کی میزبانی کر رہی ہیں۔ شو میں عام طور پر کیریئر، تعلقات، والدین بننے کے تجربات، فٹنس، فیشن اور ذاتی زندگی سے متعلق موضوعات پر گفتگو کی جاتی ہے۔اگرچہ میرا راجپوت فلمی صنعت سے وابستہ نہیں، تاہم انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی خاص شناخت بنائی ہے۔
وہ اکثر پیرنٹنگ، فٹنس، اسکن کیئر اور بیوٹی سے متعلق مواد شیئر کرتی ہیں۔ میرا راجپوت نے بیوٹی انڈسٹری میں بھی قدم رکھا ہے اور اپنے برانڈ کے حوالے سے سرگرم ہیں۔تاہم کرینہ کپور کے شو میں میرا راجپوت کی خصوصی قسط کب نشر ہوگی، اس کی تاریخ تاحال سامنے نہیں آئی۔


