بالی وڈ کی مقبول فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ میں اداکاری کرنے والے وشال ٹھاکر گزشتہ 10 سال سے لاپتا ہیں، تاہم آج تک ان کے بارے میں کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آسکیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وشال ٹھاکر 31 دسمبر 2015 کی رات ممبئی میں اپنے گھر سے نکلے تھے۔ یکم جنوری 2016 کو ان کی آخری لوکیشن ممبئی کے قریب گھوڑبندر روڈ پر ٹریس ہوئی۔ اس کے بعد ان کا موبائل فون بند ہوگیا اور وہ دوبارہ اپنے گھر واپس نہیں آئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وشال کے اہلخانہ گزشتہ ایک دہائی سے ان کی واپسی کے منتظر ہیں۔ وشال ٹھاکر کے لاپتا ہونے سے چند ماہ قبل ان کی گرل فرینڈ کی جانب سے ان پر ریپ اور تشدد کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے، تاہم بعد میں شکایت واپس لے لی گئی تھی۔
اداکار کی والدہ درگا ٹھاکر کا کہنا ہے کہ انہیں آج بھی یقین ہے کہ ان کا بیٹا ایک دن ضرور واپس آئے گا۔ دوسری جانب پولیس کے مطابق وشال ٹھاکر کی تلاش کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے، تاہم اب تک ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ یوں ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کے اداکار کی گمشدگی کو ایک دہائی گزرنے کے باوجود یہ معاملہ اب تک حل طلب ہے۔