امریکی ریاست جارجیا میں ایک 21 سالہ خاتون اپارٹمنٹ کی 8ویں منزل کی کھڑکی سے گرنے کے باوجود معجزانہ طور پر زندہ بچ گئی۔
یہ حیران کن واقعہ جارجیا کے شہر ایتھنز میں 26 ستمبر کو پیش آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جارجیا یونیورسٹی کی طالبہ کرسٹین سارجنٹ اپارٹمنٹ کی 8ویں منزل پر موجود تھیں، جہاں وہ ایک کھلی کھڑکی کے قریب صوفے پر رقص کر رہی تھیں۔
عینی شاہدین کے مطابق اسی دوران خاتون کا توازن بگڑا اور وہ کھڑکی سے باہر جا گریں۔ کرسٹین سارجنٹ تقریباً 8 منزل کی بلندی سے گرنے کے بعد عمارت کی دوسری منزل پر موجود ایک پول کے قریب جا گریں۔
پولیس کو جائے وقوعہ سے ایسے شواہد بھی ملے جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ خاتون گرنے کے دوران ایک دھاتی بینچ سے ٹکرائی تھیں۔ بینچ کے کشن پر خون کے دھبے موجود تھے جبکہ بینچ کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر اسی بینچ نے خاتون کی رفتار کم کرنے میں مدد دی، جس کے باعث وہ شدید نقصان سے محفوظ رہیں۔ کرسٹین کے دوستوں نے فوری طور پر ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی دوست کھڑکی سے گرنے کے بعد نیچے بے حس و حرکت پڑی تھیں۔
خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ حادثاتی تھا اور اس میں کسی مجرمانہ کارروائی کے شواہد نہیں ملے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کرسٹین سارجنٹ اسی اپارٹمنٹ بلڈنگ میں رہتی ہیں اور ان کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ تیزی سے صحت یاب ہورہی ہیں۔ کرسٹین کی بہن نے اس واقعے پر شکرگزاری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات پر بے حد خوش ہیں کہ ان کی بہن کی جان بچ گئی۔