خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان اور ماشکیل کے علاقوں میں کی جانے والی الگ الگ کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے وابستہ 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں عزمِ استحکام ویژن کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کو جانی اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے نقصان کا سامنا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے گورندر اور ماشکیل میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کی گئی، جس میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ماشکیل میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی اور اس کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کیا اور انہیں ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر جاری ہیں، جن کا مقصد دہشت گرد نیٹ ورکس، ان کے ٹھکانوں اور کارروائی کی صلاحیت کو ختم کرنا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے عزمِ استحکام ویژن کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے عزم کا اظہار کیا ہے۔