پاکستان کی آسکرز 2027 میں انٹری، بٹگرام حادثے پر بنی فلم منتخب

پاکستان کی آسکرز 2027 میں انٹری، بٹگرام حادثے پر بنی فلم منتخب

پاکستان کی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے فلم ساز محمد علی نقوی کی دستاویزی فلم ’ہینگنگ بائی اے وایئر‘ کو آسکرز 2027 کیلئے پاکستان کی نمائندگی کے لیے منتخب کرلیا۔

یہ اعلان پاکستان اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی ڈپٹی چیئرپرسن ثناء زہرا جعفری نے کینیڈا میں منعقدہ موزیک انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں فلم کے پریمیئر کے موقع پر کیا۔ فلم کو اکیڈمی ایوارڈز کی بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری کیلئے پاکستان کی جانب سے پیش کیا جائے گا۔

پہلی بار دستاویزی فلم کا انتخاب

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان نے آسکرز کی بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری میں ملک کی نمائندگی کیلئے کسی دستاویزی فلم کا انتخاب کیا ہے۔ فلم کی پاکستان میں ریلیز رواں سال متوقع ہے، تاہم ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:علیزے شاہ کی پوسٹ، شاہویر کادوانی کے ڈیبیو سے جوڑ دی گئی

بٹگرام کیبل کار حادثہ کہانی کا مرکز

’ہینگنگ بائی اے وایئر‘ اگست 2023 میں خیبر پختونخوا کے علاقے بٹگرام میں پیش آنے والے کیبل کار حادثے کی داستان بیان کرتی ہے۔ حادثے کے دوران 6 اسکول طلبہ سمیت 8 افراد دریائے جھانگری سے تقریباً 600 فٹ بلندی پر کیبل کار میں پھنس گئے تھے۔

واقعے کے بعد بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ پاک فوج کے اہلکاروں نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایک شخص کو بحفاظت نکالا، جبکہ باقی افراد کو بچانے کیلئے زِپ لائن کے ماہرین علی سواتی اور صاحب خان کی مدد حاصل کی گئی۔ تقریباً 12 گھنٹے جاری رہنے والے مشکل ریسکیو آپریشن کے بعد تمام 8 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔

فلم میں عینی شاہدین کے بیانات بھی شامل

دستاویزی فلم کی تحریر اور ہدایت کاری محمد علی نقوی نے کی ہے جبکہ بلال سمیع نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم میں عینی شاہدین کی بنائی گئی ویڈیوز، حادثے میں زندہ بچ جانے والے افراد کے بیانات اور سنیماٹک انداز میں دوبارہ عکس بندی شامل کی گئی ہے۔ فلم کا عالمی پریمیئر 2026 میں سنڈانس فلم فیسٹیول کے ورلڈ سنیما ڈاکیومنٹری مقابلے میں ہوا، جبکہ بعد ازاں اسے ٹرائی بیکا فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا۔

editor

Related Articles