تحریک انصاف کے اسلام آباد لانگ مارچ میں فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گرد عناصر شامل ہوچکے ہیں اور بعض دہشت گردوں نے سیاسی کارکنوں کے قافلوں کا حصہ بن کر اپنی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کی چند تشکیلوں سے وابستہ دہشت گرد اس وقت مکین، جنوبی وزیرستان اور مالاکنڈ کے علاقوں میں تحریک انصاف کے قافلوں میں موجود ہیں۔ دہشت گردوں نے سیاسی ہجوم میں اپنی شناخت چھپانے کے لیے قافلوں میں شمولیت اختیار کی ہے اور احتجاج کی آڑ میں تخریبی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق دہشت گرد عناصر کا مقصد سیاسی احتجاج کو پرتشدد بنانا اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ تصادم کی صورتحال پیدا کرنا ہوسکتا ہے۔ دہشت گرد احتجاجی ہجوم کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے بطور ڈھال استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ حساس تنصیبات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مقامات کو بھی ممکنہ ہدف بنایا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال میں وفاقی حکومت اور عوام کی جانب سے ظاہر کیے جانے والے سکیورٹی خدشات درست ثابت ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت دہشت گرد عناصر سیاسی احتجاج میں شامل کیے جارہے ہیں تاکہ احتجاج کو محض سیاسی سرگرمی کے بجائے بدامنی اور تصادم کی طرف لے جایا جاسکے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی کے مطالبے پر 4 اکتوبر سے لانگ مارچ شروع کردیا ہے۔ مارچ کا آغاز لکی مروت سے کیا گیا ہے جبکہ جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں سمیت جنوبی اضلاع کے قافلوں کو اس میں شامل ہونے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ مالاکنڈ ڈویژن سے بھی الگ قافلہ روانہ ہوا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی لانگ مارچ سے قبل الزام عائد کیا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت اور پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت نے کالعدم ٹی ٹی پی کے عناصر کے تعاون سے بدامنی پیدا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ احتجاج کی آڑ میں پولیس اور فوجی تنصیبات کے قریب بنوں طرز کی صورتحال پیدا کرنے کی تیاری کی گئی ہے۔
وزیر دفاع نے سیاسی جدوجہد اور مسلح بغاوت میں فرق واضح کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر سیاسی سرگرمی کی آڑ میں کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مل کر مسلح کارروائی کی کوشش کی گئی تو ریاست اسے ملکی سلامتی اور خودمختاری کے خلاف حملہ تصور کرے گی۔
ادھر وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات بھی انسداد دہشت گردی کے معاملے پر اختلاف کا شکار ہوئے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے مذاکرات کے آخری مرحلے میں انسداد دہشت گردی سے متعلق بعض طے شدہ یقین دہانیوں سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا۔ حکومت کے مطابق ان یقین دہانیوں میں دہشت گردوں کو آزادانہ کارروائی سے روکنا ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی مذمت اور وفاقی اداروں کے ساتھ انسداد دہشت گردی میں تعاون شامل تھا۔
تاہم باخبر سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس قبائلی اور سرحدی علاقوں سے آنے والے بڑے سیاسی قافلوں میں دہشت گرد عناصر کی مبینہ موجودگی سکیورٹی اداروں کے لیے انتہائی تشویش ناک ہے۔ ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قافلوں کی نگرانی اور مشکوک افراد کی شناخت کے لیے سکیورٹی اقدامات مزید سخت کردیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اصل خطرہ یہ ہے کہ اگر دہشت گرد عناصر سیاسی ہجوم میں گھل مل کر سکیورٹی تنصیبات یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں تو اس سے نہ صرف احتجاج کا پرامن سیاسی تشخص متاثر ہوگا بلکہ صوبے اور ملک میں امن و امان کی صورتحال بھی سنگین ہوسکتی ہے۔
یوں عمران خان کی رہائی کے مطالبے پر شروع ہونے والا لانگ مارچ اب سیاسی مطالبے کے ساتھ ایک اہم سکیورٹی سوال بھی بن گیا ہے کہ کیا سیاسی احتجاج کے ہجوم میں دہشت گرد عناصر کو شامل کرکے اسے تخریبی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے؟