آزاد کشمیر کے عوام نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کی کال کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے، جبکہ کوٹلی میں مظاہرین کی فائرنگ سے ٹریفک بحال کروانے والا ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا ہے۔ مظفرآباد کے تمام تجارتی مراکز اور معمولاتِ زندگی مکمل طور پر بحال ہیں۔
مظفرآباد اور آزاد کشمیر کے باشعور شہریوں نے امن و امان کو ترجیح دیتے ہوئے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی انتشاری کال کو بری طرح ناکام بنا دیا ہے۔ دارالحکومت مظفرآباد کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھلے رہے۔
شہر کے اہم تجارتی مقامات جن میں اپراڈا، مدینہ مارکیٹ، پلیٹ، گوجرہ بائی پاس، گیلانی چوک، چھتر اور امبور شامل ہیں، میں معمولاتِ زندگی مکمل طور پر بحال رہے۔
اس کے علاوہ ٹاہلی منڈی اور بینک روڈ اڈا بھی معمول کے مطابق فعال رہے، جس سے یہ واضح پیغام ملتا ہے کہ عوام اب کسی بھی قسم کی شرپسندی اور نظام زندگی مفلوج کرنے والے ایجنڈے کا حصہ بننے کو تیار نہیں۔
پُرامن احتجاج کا بھرم ٹوٹ گیا، کوٹلی میں پولیس پر فائرنگ
ایک جانب ہڑتال ناکام ہوئی تو دوسری جانب فسادی جتھے کے پُرامن ہونے کا دعویٰ بھی اس وقت جھوٹا ثابت ہو گیا جب ضلع کوٹلی میں شرپسندوں نے کھلم کھلا قانون ہاتھ میں لے لیا۔
کوٹلی کے علاقے کالا ڈھاب میں ایک مشتعل جتھے کے کارندوں نے مرکزی سڑک بند کر رکھی تھی جس سے عام شہریوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا تھا۔
شہریوں کی پریشانی کے پیشِ نظر جب پولیس نے ٹریفک کی بحالی کے لیے کارروائی شروع کی، تو مسلح کارندوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر بلااشتعال سیدھی فائرنگ کر دی۔
اس پرتشدد حملے میں آزاد کشمیر پولیس کے کانسٹیبل عبدالرؤف کو گولی لگی اور وہ شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال میرپور منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ نام نہاد حقوق کی آڑ میں مسلح جتھے سرگرم ہیں۔
ریاست مخالف ایجنڈا اور گٹھ جوڑ
کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی ایک طویل عرصے سے آزاد کشمیر میں حقوق کے نام پر احتجاجی سیاست کر رہی تھی۔
تاہم حالیہ مہینوں میں ان کی صفوں میں ریاست مخالف اور انتشاری عناصر کی دراندازی کے باعث ریاستی اداروں نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اس پر پابندی عائد کر دی تھی۔
حالیہ ہڑتال کی کال میں پاکستان تحریک انصاف اور کالعدم کمیٹی کا ایک ہی روز کا احتجاج ان کے مبینہ گٹھ جوڑ کو ظاہر کرتا ہے۔ حکومتی اور عوامی حلقوں کی جانب سے اسے ملک دشمنی پر مبنی یکساں ایجنڈے کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔
کسی بھی عوامی تحریک کی کامیابی کا دارومدار مقامی آبادی کی غیر مشروط حمایت پر ہوتا ہے۔ مظفرآباد کے بازاروں کا کھلا رہنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ عوام مطالبات کے نام پر معاشی پہیہ جام کرنے کی پرانی اور تخریبی پالیسی سے بیزار ہو چکے ہیں۔
مزید برآں جب کوئی گروہ مطالبات منوانے کے لیے ریاستی اداروں پر اسلحہ اٹھاتا ہے، تو وہ اپنی تمام تر اخلاقی اور قانونی حیثیت فوراً کھو دیتا ہے۔
کوٹلی میں کانسٹیبل عبدالرؤف پر فائرنگ کا واقعہ محض ایک اتفاق نہیں، بلکہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ احتجاج کے نام پر شرپسند عناصر باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ مسلح ہو کر میدان میں آ رہے ہیں۔
یہ صورتحال ریاستی عملداری کے لیے ایک سنگین چیلنج ضرور ہے، لیکن عوام کی جانب سے ہڑتال کا مکمل بائیکاٹ دراصل ریاست اور امن کے حق میں ایک خاموش مگر انتہائی مؤثر عوامی فیصلہ ہے۔