وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے مسلسل دوسرے روز بھی پیٹرول مہنگا اور ہائی اسپیڈ ڈیزل سستا کردیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے 7 اکتوبر تک ہوگا۔
وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 7 اکتوبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 19 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 393 روپے 64 پیسے سے بڑھ کر 394 روپے 83 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 91 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 397 روپے 76 پیسے سے کم ہوکر 395 روپے 85 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے اگلے ایک دن، 7 اکتوبر تک ہوگا۔
وزارت توانائی کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور مشرق وسطیٰ کی صورت حال سے منسلک ہے، جبکہ عالمی سطح پر پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر عوامل میں تبدیلی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 21 مرتبہ کمی اور 33 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 22 مرتبہ کمی اور 32 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 88 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 393 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 88 پیسے کمی کے بعد 397 روپے 76 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے آخری روز حکومت نے 3 اکتوبر سے 5 اکتوبر تک 3 دن کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ جمعہ کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 10 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 30 پیسے اضافہ کیا گیا تھا۔ اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 392 روپے 76 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 399 روپے 64 پیسے ہوگئی تھی۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ کے بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔