اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے عدالت نے ہدایت کی ہے کہ عمران خان کو جسمانی طور پر یا بذریعہ ویڈیو لنک عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔
اے ٹی سی اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر رہنماؤں کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے عمران خان کی آئندہ پیشی کے حوالے سے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے۔
سماعت کے دوران عدالت نے سابق وفاقی وزراء فرخ حبیب، حماد اظہر، مراد سعید اور شبلی فراز کو اشتہاری قرار دے دیا اور ان کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔
عدالت نے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم اور پی ٹی آئی رہنما حسن خان نیازی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے۔
جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج ہے۔ مقدمے میں جوڈیشل کمپلیکس کی جانب مارچ اور وہاں پیش آنے والے واقعات سے متعلق مختلف دفعات شامل ہیں۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 نومبر 2026 تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عمران خان کی جسمانی یا ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔