ترکیہ کے شہر استنبول میں شادی سے قبل فوٹو شوٹ کے دوران ایک دلہن تیز ہواؤں کی زد میں آکر غباروں سمیت ہوا میں بلند ہونے لگی، تاہم فوٹوگرافر کی فوری کوشش نے اسے ممکنہ حادثے سے بچا لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 26 اکتوبر کو آبنائے باسفورس کے کنارے پیش آیا، جہاں دلہن کا شادی سے پہلے فوٹو شوٹ جاری تھا۔ اسی دوران اچانک تیز ہوا کا جھونکا آیا اور دلہن کے ہاتھ میں موجود بڑے غبارے ہوا میں بلند ہونے لگے۔
غباروں کے کھنچاؤ کے باعث دلہن اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکی اور قریبی دیوار کی جانب لڑکھڑانے لگی۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوٹوگرافر نے فوری طور پر اسے پکڑ لیا اور سنبھال لیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیز ہوا کے باعث دلہن غباروں کے ساتھ تقریباً ہوا میں اٹھنے لگتی ہے۔
خوش قسمتی سے دلہن اس واقعے میں محفوظ رہی اور اسے کوئی چوٹ نہیں آئی۔ حیران کن صورتحال کے باوجود وہ بعد میں اپنا فوٹو شوٹ مکمل کرنے میں بھی کامیاب ہوگئی۔