اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے ڈرائیونگ لائسنس گھر کی دہلیز پر پہنچانے کی سروس شروع کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کا وقت بچانا اور لائسنس کے حصول کے عمل کو مزید آسان بنانا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق، ڈرائیونگ لائسنس کی ترسیل کے لیے ٹی سی ایس کے ساتھ سروس متعارف کروائی گئی ہے۔ شہری لائسنس کے حصول کے تمام مراحل مکمل کرنے کے بعد اپنا لائسنس گھر پر منگوا سکیں گے۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے بتایا کہ اسلام آباد کے رہائشیوں کو لائسنس ایک روز میں جبکہ دیگر شہروں میں رہنے والے شہریوں کو دو روز کے اندر گھر کی دہلیز پر فراہم کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سہولت کے بعد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے بار بار ٹریفک پولیس کے دفاتر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
کائنات اظہر خان کے مطابق شہریوں کا وقت بچانا اور انہیں آسان سہولیات فراہم کرنا اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید پولیسنگ اور عوامی سہولت کے لیے مستقبل میں بھی مزید اقدامات کیے جائیں گے۔