خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں مقامی چرواہے کے اغوا کے بعد پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ کارروائی میں دو خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری معمولی زخمی ہوا۔
تفصیلات کے مطابق لکی مروت میں مقامی چرواہے کے اغوا کے واقعے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سی ٹی ڈی کے ساتھ مشترکہ آپریشن کیا، جس کے دوران دو خارجی ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت ہیواد اور سہیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر ایک شہری معمولی زخمی بھی ہوا۔
پولیس کے مطابق علاقے میں آپریشن تاحال جاری ہے۔
ڈی پی او لکی مروت سجاد احمد صاحبزادہ نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور دہشت گردوں کو بے گناہ شہریوں پر ظلم و تشدد کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے شہریوں کے تحفظ کے لیے پولیس کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
