وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اسکولوں اور کالجوں کی عمارتوں میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کیمپ قائم کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اساتذہ کو بھی انتخابی اور انتظامی ذمہ داریوں سے آزاد کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم کی ہدایات پر وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے باضابطہ آفس میمورنڈم جاری کر دیا ہے۔ اس کے تحت وفاقی نظامتِ تعلیم (ایف ڈی ای) کے زیر انتظام اسکولوں اور کالجوں کی عمارتیں، کلاس رومز اور دیگر سہولیات صرف تعلیمی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہوں گی۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کو پولیس یا کسی دوسرے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے عارضی کیمپ، اہلکاروں کی رہائش، حراستی مراکز یا آپریشنل سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
وزیراعظم نے اساتذہ کو تدریسی ذمہ داریوں کے علاوہ دیگر سرکاری کاموں پر لگانے سے بھی روک دیا ہے۔ فیصلے کے مطابق وفاقی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو انتخابی ڈیوٹی، مردم شماری، گھر گھر سروے اور دیگر انتظامی امور کے لیے طلب نہیں کیا جا سکے گا۔
حکومتی ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے اساتذہ جو پہلے ہی غیر تدریسی یا انتظامی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، ان کی ڈیوٹیاں فوری طور پر ختم کی جا سکتی ہیں تاکہ وہ اپنی اصل ذمہ داری یعنی تدریس پر توجہ دے سکیں۔
وزارتِ وفاقی تعلیم نے وزیراعظم کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے متعلقہ مراسلہ سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی ارسال کر دیا ہے۔