مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی میں کاروباری اداروں کے لیے نئے بزنس پروفائلز متعارف کرا دیے ہیں، جس کے بعد آن لائن کاروباری معلومات اور مصنوعات کی تلاش کے شعبے میں گوگل کے لیے ایک نیا حریف سامنے آگیا ہے۔
اوپن اے آئی کے اس نئے فیچر کا مقصد کاروباری اداروں کو چیٹ جی پی ٹی پر اپنی مصنوعات، خدمات اور کاروباری تفصیلات پیش کرنے کا موقع دینا ہے، تاکہ صارفین مختلف کمپنیوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ان کی مصنوعات اور قیمتوں کا موازنہ بھی کرسکیں۔
یہ سہولت فی الحال بیٹا ورژن میں بزنس ہب کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے تحت اہل کاروباری ادارے اپنے موجودہ بزنس پروفائلز کی ملکیت حاصل کرسکیں گے، اپنی شناخت کی تصدیق کروا سکیں گے اور کاروبار سے متعلق معلومات میں تبدیلی بھی کرسکیں گے۔یہ بھی پر
نئے نظام کے ذریعے کمپنیاں اپنی مصنوعات، خدمات، قیمتوں، دستیابی، ویب سائٹ اور دیگر کاروباری تفصیلات براہِ راست چیٹ جی پی ٹی پر فراہم کرسکیں گی۔ اس طرح صارفین کو خریداری سے پہلے مختلف آپشنز کا جائزہ لینے میں آسانی ہوگی۔
اوپن اے آئی نے بزنس پروفائلز کے ساتھ تجزیاتی ٹولز بھی متعارف کرائے ہیں۔ ان کی مدد سے کمپنیاں یہ جان سکیں گی کہ کتنے صارفین چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے ان کے کاروبار تک پہنچے، کتنی مرتبہ ان کی ویب سائٹ پر کلک کیا گیا اور صارفین کن موضوعات کے ذریعے ان کی مصنوعات یا خدمات تلاش کر رہے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین کی پرائیویسی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ معلومات مجموعی اعداد و شمار کی صورت میں فراہم کی جائیں گی۔ کاروباری اداروں کو کسی بھی صارف کی ذاتی گفتگو تک رسائی حاصل نہیں ہوگی۔
چیٹ جی پی ٹی میں کاروبار کے اپنے اے آئی ایجنٹس بھی ہوں گے
اس نئے فیچر کی ایک اہم خصوصیت کاروباری اداروں کے لیے مخصوص اے آئی ایجنٹس تیار کرنے کی سہولت ہے۔
ان ایجنٹس کے ذریعے صارفین کسی پروڈکٹ کی خصوصیات، تکنیکی تفصیلات، قیمتوں اور واپسی کی پالیسی سے متعلق سوالات پوچھ سکیں گے اور انہیں چیٹ جی پی ٹی پر ہی جوابات مل سکیں گے۔
اوپن اے آئی کے مطابق یہ بزنس ایجنٹس عام چیٹ جی پی ٹی گفتگو سے الگ ہوں گے اور صارفین کو واضح طور پر بتایا جائے گا کہ وہ کسی مخصوص کاروباری ادارے کے نمائندہ اے آئی ایجنٹ سے بات کر رہے ہیں۔
فی الحال یہ سہولت امریکا میں اہل ای کامرس اور آن لائن سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے دستیاب ہے، جبکہ بزنس پروفائلز ان مارکیٹس میں متعارف کرائے جا رہے ہیں جہاں چیٹ جی پی ٹی کی سروس موجود ہے۔
اوپن اے آئی کا یہ اقدام آن لائن سرچ اور کاروباری معلومات کے شعبے میں گوگل کے ساتھ بڑھتے ہوئے مقابلے کی اہم پیش رفت ہے۔
گوگل پہلے ہی اپنے بزنس پروفائلز کے ذریعے کاروباری اداروں کو سرچ انجن اور گوگل میپس پر اپنی دکانوں، مصنوعات، خدمات، اوقات کار اور دیگر معلومات اپ ڈیٹ کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
اب چیٹ جی پی ٹی بھی کاروباری اداروں اور صارفین کے درمیان براہِ راست رابطے کا ذریعہ بننے کی کوشش کر رہا ہے۔ اگر یہ نظام کامیاب ہوتا ہے تو مستقبل میں صارفین کے لیے مصنوعات تلاش کرنے، قیمتوں کا موازنہ کرنے اور خریداری سے متعلق معلومات حاصل کرنے کا طریقہ تبدیل ہوسکتا ہے۔