22 دسمبر 2023 کو فضل الرحمان کے جمع کرائے گئے دو مختلف فارموں میں بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات میں فرق سامنے آنے پر آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہلی کی کارروائی کا مطالبہ کردیا گیا۔
درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور اسپیکر قومی اسمبلی سے معاملے کا نوٹس لینے اور متعلقہ رکن کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
فراہم کردہ معلومات کے مطابق فارم الف میں الائیڈ بینک، پارلیمنٹ ہاؤس برانچ کا اکاؤنٹ نمبر 0010021702280025 درج ہے، جبکہ اسی تاریخ کے فارم ب میں یہ اکاؤنٹ نمبر شامل نہیں اور اس کی جگہ 07560120001395 درج کیا گیا ہے۔
درخواست گزار کے مؤقف کے مطابق دونوں فارموں میں بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات کا یہ فرق اہم نوعیت کا معاملہ ہے، جس کی وضاحت ضروری ہے، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اگر اثاثوں اور مالی تفصیلات سے متعلق جمع کرائی گئی دستاویزات میں دانستہ طور پر معلومات چھپائی گئی ہیں تو اس کا آئینی اور قانونی جائزہ لیا جانا چاہیے۔
اس معاملے میں بنیادی سوال یہ ہے کہ دونوں فارموں میں مختلف اکاؤنٹ نمبرز درج کرنے کی وجہ کیا تھی، آیا دونوں اکاؤنٹس الگ نوعیت کے تھے یا ایک اکاؤنٹ کی تفصیلات کسی فارم میں ظاہر نہیں کی گئیں اس کی وضاحت متعلقہ دستاویزات اور اکاؤنٹس کی اصل حیثیت سامنے آنے کے بعد ہی ممکن ہوگی۔
درخواست میں الیکشن کمیشن اور اسپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فراہم کردہ فارموں کا تقابلی جائزہ لے کر حقائق کا تعین کیا جائے اور اگر قانونی خلاف ورزی ثابت ہو تو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت کارروائی کی جائے۔