بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے،شہباز شریف

بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے،شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

وزیراعظم نے بلوچستان کے علاقوں کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران 16 خارجیوں کو ہلاک کردیا، ہلاک ہونے والوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دو افغان شہری بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی شہید ہوگئے، دوسری جانب بلوچستان کے علاقے کولپور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :صدر آصف زرداری سے شہبازشریف کی ملاقات، سیاسی و سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسی دوران فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ پر گشت کرنے والی فوجی گاڑیوں کو کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا، حملے کے نتیجے میں میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان شہید ہوگئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مسلح افواج ملک کے دفاع اور دشمن کے عزائم ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان لاہور کے ماڈل ٹاؤن میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال، سیاسی معاملات اور معاشی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں سیاسی و انتظامی امور کے علاوہ اتحادی جماعتوں کے درمیان تعاون اور باہمی مشاورت کا سلسلہ برقرار رکھنے پر بھی گفتگو ہوئی۔

صدر مملکت اور وزیراعظم نے ملک میں معاشی استحکام کے حصول اور ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

editor

Related Articles