امریکا میں فضائی ٹریفک کا نظام مکمل طور پر بحال ہوگیا ہے اور ملک بھر کے ایئرپورٹس پر پروازوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق شروع ہوچکی ہے امریکی وزیر ٹرانسپورٹ نے تصدیق کی ہے کہ فضائی آپریشن میں پیدا ہونے والا تعطل پرانے ایئر ٹریفک کنٹرول نظام سے جدید نظام کی جانب منتقلی کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا، جبکہ سائبر حملے کے امکان کو مسترد کردیا گیا ہے۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب ایئرپورٹس پر پروازوں کی بندش اور آپریشنل تعطل کا سامنا تھا، اس وقت تقریباً 500 طیارے فضا میں موجود تھے۔
اس غیر معمولی صورت حال کے باعث فضائی آپریشن شدید دباؤ کا شکار ہوا، تاہم حکام نے نظام کی بحالی کے لیے اقدامات کیے اور بالآخر فضائی ٹریفک مکمل طور پر معمول پر آگئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ابتدائی جائزے میں کسی سائبر حملے یا بیرونی مداخلت کے شواہد سامنے نہیں آئے، بلکہ مسئلے کی بنیادی وجہ پرانے اور نئے ایئر ٹریفک کنٹرول نظام کے درمیان تکنیکی منتقلی کا عمل تھا۔
یہ بھی پڑھیں :“ایک ہی دن میں 3 ٹریلین ڈوب گئے”انتخابات نے امریکہ کو اندھیروں میں دھکیل دیا،ٹرمپ کا ہو شربا انکشاف
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق ملک کا فضائی نگرانی اور مواصلاتی نظام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ گزشتہ تین دہائیوں سے استعمال ہونے والے پرانے مواصلاتی آلات اب اپنی مدت پوری کرچکے ہیں، جس کے باعث انہیں جدید ٹیکنالوجی سے تبدیل کرنا ناگزیر ہوگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے کانگریس سے اضافی فنڈز طلب کیے گئے ہیں تاکہ ایئر ٹریفک کنٹرول کے بنیادی ڈھانچے کو مکمل طور پر جدید بنایا جاسکے،وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ اب تک تقریباً 69 فیصد پرانے مواصلاتی آلات کو نئے ایئر ٹریفک کنٹرول نظام سے تبدیل کیا جاچکا ہے، تاہم منصوبے کی مکمل تکمیل کے لیے مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ فضائی نظام کی جدید کاری کے لیے مطلوبہ مالی وسائل فراہم نہیں کیے جارہے، حالانکہ یہ معاملہ صرف ٹرانسپورٹ کے شعبے تک محدود نہیں بلکہ لاکھوں مسافروں کی سفری سہولت اور فضائی تحفظ سے بھی براہ راست جڑا ہوا ہے۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ نے امید ظاہر کی کہ کانگریس میں ریپبلکن اور ڈیموکریٹ دونوں جماعتیں اس منصوبے کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے فنڈز کی فراہمی میں تعاون کریں گی، تاکہ پرانے نظام پر انحصار ختم کرکے مستقبل میں ایسے تکنیکی بحرانوں اور فضائی آپریشن میں تعطل کے امکانات کم کیے جاسکیں۔
