صوابی کے عوام نے پی ٹی آئی کے خلاف فیصلہ سنا دیا، خیبرپختونخوا کو 13 سال دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا، امیر مقام

صوابی کے عوام نے پی ٹی آئی کے خلاف فیصلہ سنا دیا، خیبرپختونخوا کو 13 سال دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا، امیر مقام

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے کہا ہے کہ صوابی کے عوام نے تحریک انصاف کے خلاف اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، عوام کی جانب سے ملنے والی محبت، پذیرائی اور بھرپور جذبے پر ان کے مشکور ہیں۔ عوامی حمایت اس بات کا اظہار ہے کہ لوگ صوبے کی سیاسی اور انتظامی صورت حال پر اپنی رائے دے رہے ہیں۔

صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بیٹھ کر جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والے صوابی آکر عوام کا جذبہ اور محبت دیکھ لیں۔ یہاں کے عوام نے جس انداز میں اپنی محبت کا اظہار کیا ہے، وہ سب کے سامنے ہے۔ صوبے میں انتظامی سطح پر ہونے والی تبدیلیوں کو بھی عوام نے من و عن قبول کیا ہے۔

انہوں نے تحریک انصاف کے سابق دور حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا، گزشتہ 13 سال کے دوران صوبے کے وسائل بے دردی سے استعمال کیے گئے اور پی ٹی آئی کے دور میں ہر طرف کرپشن کا راج رہا۔

یہ بھی پڑھیں :باہر بیٹھ کرمن گھڑت خاکے بنانے والے یوٹیوبرزخیبر پختونخواآ کرعوام کا رجحان دیکھ لیں،امیر مقام

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ عوام کے مفاد میں شروع کیے جانے والے منصوبوں کو آگے بڑھایا جائے گا اور صوبے کے وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جائیں گے۔ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل ترجیحات میں شامل ہے۔

امیر مقام کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کا قیام اجتماعی ذمہ داری ہے، عوام کے تعاون سے صوبے میں امن قائم ہوگا اور ترقی کا سفر آگے بڑھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی تعاون اور مؤثر اقدامات کے ذریعے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔

editor

Related Articles