میٹا کو صارفین کی پرائیویسی کی خلاف ورزی مہنگی پڑگئی، اٹلی میں 88 کروڑ 70 لاکھ ڈالر جرمانہ

میٹا کو صارفین کی پرائیویسی کی خلاف ورزی مہنگی پڑگئی، اٹلی میں 88 کروڑ 70 لاکھ ڈالر جرمانہ

اٹلی کے ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیٹر نے فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا پر صارفین کی اجازت کے بغیر موبائل فونز کی تصاویر، ویڈیوز اور دیگر ذاتی ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کے معاملے پر 88 کروڑ 70 لاکھ ڈالر جرمانہ عائد کردیا ہے، جس سے اٹلی میں تقریباً 2 کروڑ صارفین متاثر ہوئے۔

اطالوی حکام کے مطابق فیس بک کی اینڈرائیڈ ایپ صارفین کی موبائل گیلری تک رسائی حاصل کرکے تصاویر اور ویڈیوز کو فیس بک پر پوسٹ کرنے کے لیے تجویز کرتی تھی، تاہم صارفین کو اس فیچر کے طریقہ کار اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ڈیٹا تک رسائی کے بارے میں مناسب معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیچر 2023 سے فعال تھا اور صارفین سے گیلری تک رسائی کے لیے صرف ایک مرتبہ عمومی اجازت طلب کی جاتی تھی۔ اس اجازت کے ذریعے تصاویر اور ویڈیوز کی تجاویز دینے والا فیچر بھی فعال ہوجاتا تھا، جس کا صارفین کو واضح طور پر علم نہیں ہوتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں :انسٹاگرام اب خود پکڑے گا کم عمر صارفین کو، میٹا کا بڑا اعلان

اطالوی ریگولیٹر نے میٹا کو 60 روز کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ فیچر کو ڈیفالٹ طور پر بند کیا جائے اور اسے استعمال کرنے کے خواہش مند صارفین سے الگ اور واضح اجازت حاصل کی جائے۔حکام نے میٹا کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ صارفین کو بتایا جائے کہ یہ فیچر ان کی موبائل گیلری تک رسائی حاصل کرتا ہے اور وہ اسے کس طریقے سے بند کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب اطالوی حکام نے میٹا کے 2026 میں متعارف کرائے گئے ایک نئے فیچر کا بھی جائزہ لینے کا عندیہ دیا ہے، جس کے تحت صارفین کی موبائل گیلری میں موجود تصاویر اور ویڈیوز ریموٹ سرورز پر پراسیس کی جاسکتی ہیں۔ اس فیچر کے حوالے سے بھی ڈیٹا پرائیویسی اور صارفین کی رضامندی سے متعلق سوالات کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔

editor

Related Articles