ملکی تاریخ میں پہلی بار صوبوں کی جانب سے 57.46 ارب روپے کی گرانٹ منتقل

ملکی تاریخ میں پہلی بار صوبوں کی جانب سے 57.46 ارب روپے کی گرانٹ منتقل

ملکی مالیاتی تاریخ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں پہلی بار صوبوں نے وفاقی حکومت کو 57 ارب 46 کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کر دی ہے۔ یہ رقم رواں مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی کے دوران آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت وفاق کو منتقل کی گئی ہے۔

 اس پیش رفت کے نتیجے میں وفاق اور صوبوں کے درمیان مالی وسائل کی تقسیم کے روایتی طریقہ کار کے ساتھ باہمی گرانٹس کے آئینی اختیار کا استعمال بھی سامنے آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئین کا آرٹیکل 164 این ایف سی ایوارڈ سے الگ ایک آئینی انتظام ہے جس کے تحت وفاقی حکومت اور صوبے ایک دوسرے کو کسی بھی قومی مقصد کے لیے گرانٹ فراہم کر سکتے ہیں۔ اس آئینی شق کے تحت صوبے وفاق کو مالی معاونت فراہم کر سکتے ہیں، جبکہ وفاق بھی قومی ضروریات اور مخصوص مقاصد کے لیے صوبوں کو گرانٹ دے سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں صوبوں کی جانب سے وفاق کو مجموعی طور پر ایک ہزار 35 ارب روپے کی گرانٹ فراہم کرنے کا معاہدہ طے پایا تھا اس معاہدے کے تحت چاروں صوبوں کے لیے الگ الگ مالی حصے مقرر کیے گئے ہیں، جن میں پنجاب سب سے زیادہ 555 ارب روپے فراہم کرے گا۔

معاہدے کے مطابق سندھ کی جانب سے 263 ارب روپے، خیبرپختونخوا سے 157 ارب روپے جبکہ بلوچستان سے 58 ارب روپے کی گرانٹ وفاق کو فراہم کی جائے گی۔ اس طرح چاروں صوبوں کی مجموعی مالی معاونت ایک ہزار 35 ارب روپے بنتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پشاور ہائیکورٹ کیلئے معمول کے مقدمات سننے کا راستہ کھل گیا، گورنر راج اور ایم پی او کیسز پر پابندی برقرار

مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 57 ارب 46 کروڑ روپے کی منتقلی اس بڑے مالی معاہدے پر عمل درآمد کا ابتدائی مرحلہ ہے۔ آئندہ سہ ماہیوں میں بھی طے شدہ معاہدے کے مطابق صوبوں کی جانب سے وفاق کو گرانٹس فراہم کیے جانے کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔

آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت اس مالی انتظام کی اہمیت اس حوالے سے بھی نمایاں ہے کہ یہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کے آئینی مالی حصے سے الگ ہے۔ یعنی اس گرانٹ کو این ایف سی کے تحت صوبوں کو ملنے والے وسائل کی تقسیم کے بجائے وفاق اور صوبوں کے درمیان قومی مقاصد کے لیے مالی تعاون کے ایک علیحدہ آئینی طریقہ کار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

صوبوں کی جانب سے وفاق کو گرانٹ کی فراہمی ملکی مالیاتی نظام میں ایک نئی پیش رفت ہے، جس کے ذریعے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مالی ذمہ داریوں اور قومی اخراجات کے حوالے سے تعاون کا ایک نیا پہلو سامنے آیا ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles