پشاور ہائیکورٹ کیلئے معمول کے مقدمات سننے کا راستہ کھل گیا، گورنر راج اور ایم پی او کیسز پر پابندی برقرار

پشاور ہائیکورٹ کیلئے معمول کے مقدمات سننے کا راستہ کھل گیا، گورنر راج اور ایم پی او کیسز پر پابندی برقرار

وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار سے متعلق اہم وضاحت کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ ہائیکورٹ آرٹیکل 199 کے تحت معمول کے دیگر مقدمات کی سماعت جاری رکھ سکتی ہے تاہم گورنر راج اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف تھری ایم پی او کے تحت کارروائیوں سے متعلق معاملات پر 5 نومبر کے حکم امتناع کی پابند رہے گی۔

حالیہ عدالتی فیصلے سے پشاور ہائیکورٹ کے معمول کے عدالتی امور اور دیگر آئینی درخواستوں کی سماعت کا راستہ کھل گیا ہے۔

وفاقی آئینی عدالت نے گورنر راج اور تھری ایم پی او سے متعلق مقدمات میں پشاور ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار پر عائد پابندی کے حوالے سے 5 نومبر کے اپنے سابقہ حکم میں ترمیم کرتے ہوئے اس کا دائرہ محدود کر دیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ سابقہ حکم کا اطلاق آرٹیکل 199 کے تحت دائر تمام مقدمات پر نہیں بلکہ مخصوص معاملات، یعنی گورنر راج اور ایم پی او سے متعلق کیسز تک محدود تھا۔

چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ 5 نومبر کے حکم کے نتیجے میں پشاور ہائیکورٹ کی عدالتی کارروائیاں متاثر ہوئی ہیں اور اس صورتحال کے باعث وکلاء کی پیشہ ورانہ پریکٹس بھی رک گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکم کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال نے ہائیکورٹ کے معمول کے عدالتی کام کو متاثر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عالمِ اسلام کی بااثر ترین شخصیت قرار پانا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عالمی کردار کا کھلا اعتراف ہے، شہریوں کا خراجِ تحسین

اس موقع پر جسٹس عامر فاروق نے آرٹیکل 245 اور آرٹیکل 199 کے باہمی تعلق پر اہم ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 245 کی آسان تشریح کے مطابق تو آرٹیکل 199 کے مقدمات نہیں سنے جا سکتے، لیکن اگر آرٹیکل 245 کی سادہ تشریح کو بنیاد بنا لیا جائے تو پورا عدالتی نظام جام ہو جائے گا۔ عدالتی ریمارکس نے اس معاملے میں آئینی تشریح اور عدالتی اختیارات کی حدود کو مزید اہمیت دے دی۔

وفاقی آئینی عدالت نے پشاور بار کونسل کو بھی مقدمے میں فریق بننے کی اجازت دے دی، جس کے بعد کیس میں وکلاء برادری کا مؤقف بھی باضابطہ طور پر سامنے آسکے گا۔

عدالت کی جانب سے 5 نومبر کے حکم میں ترمیم کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے پشاور ہائیکورٹ کے عمومی آئینی اور قانونی مقدمات کی سماعت کا راستہ واضح ہو گیا ہے جبکہ گورنر راج اور تھری ایم پی او سے متعلق مخصوص مقدمات بدستور عدالتی حکم کے دائرے میں رہیں گے۔

 اس طرح عدالت نے ایک طرف اپنے سابقہ حکم کی پابندی برقرار رکھی تو دوسری طرف ہائیکورٹ کے معمول کے عدالتی نظام کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے اس کی حدود بھی واضح کر دیں۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles