سائنس فکشن فلم کا منظر حقیقت بن گیا، ایلون مسک کا خلائی جہاز ہوا میں پکڑا گیا

سائنس فکشن فلم کا منظر حقیقت بن گیا، ایلون مسک کا خلائی جہاز ہوا میں پکڑا گیا

خلا سے زمین پر واپسی کے دوران پہلی بار اسٹار شپ کو لانچ ٹاور کے دیوہیکل مکینیکل بازوؤں نے کامیابی سے تھام لیا، بوسٹر تباہ ہونے کے باوجود مشن کا اہم ترین مرحلہ کامیاب رہا۔

ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔ کمپنی کے تیار کردہ دنیا کے سب سے بڑے راکٹ اسٹار شپ نے خلا سے واپسی پر ایک ایسا مظاہرہ کیا ہے جو کسی سائنس فکشن فلم کا منظر محسوس ہوتا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسٹار شپ نے خلا میں اپنا مشن مکمل کرنے کے بعد زمین پر واپسی کا سفر شروع کیا اور ٹیکساس میں اسی مقام پر پہنچا جہاں سے اسے لانچ کیا گیا تھا۔

اس دوران لانچ ٹاور پر نصب دیوہیکل مکینیکل بازوؤں نے خلائی جہاز کو فضا ہی میں کامیابی سے تھام لیا۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے خلائی جہاز کو روایتی طریقے سے زمین پر اتارنے کے بجائے براہِ راست لانچ ٹاور کے بازوؤں کی مدد سے پکڑا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:چین کی اڑنے والی گاڑی تیار، صرف 5 منٹ میں ہیلی کاپٹر بن جائے گی

یہ کامیابی اس لیے بھی اہم ہے کہ اسٹار شپ کو دوبارہ استعمال کرنے کے امکانات مزید روشن ہوگئے ہیں۔ اسپیس ایکس کا مقصد ایسے خلائی جہاز تیار کرنا ہے جنہیں بار بار خلا میں بھیجا اور واپس لایا جا سکے۔

تاہم اس مشن کا ہر مرحلہ کامیاب نہیں رہا۔ پرواز کے دوران راکٹ کا پہلا حصہ یعنی بوسٹر واپسی پر مقررہ طریقے سے کام نہ کرسکا اور سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا۔ اس طرح کمپنی دونوں حصوں کو کامیابی سے پکڑنے کا ہدف حاصل نہیں کرسکی۔

اس کے باوجود اسٹار شپ کا بالائی حصہ کامیابی سے واپس آیا اور مکینیکل بازوؤں نے اسے تھام لیا۔

اسٹار شپ نے خلا میں کیا کیا؟

تقریباً 407 فٹ طویل اسٹار شپ نے زمین سے تقریباً 265 کلومیٹر کی بلندی پر پرواز کی اور زمین کے گرد 14 چکر مکمل کیے۔

اس دوران خلائی جہاز نے 26 جدید اسٹارلنک سیٹلائٹس بھی خلا میں چھوڑے۔ اسپیس ایکس کے مطابق خلائی جہاز کے اہم نظام اور حرارتی حفاظتی ڈھال نے بھی اپنا کام درست انداز میں انجام دیا۔ یہ 2023 کے بعد مکمل جسامت کے اسٹار شپ کی 15 ویں پرواز تھی۔

اب چاند اور مریخ کا سفر؟

اسپیس ایکس کی اس ٹیکنالوجی کو مستقبل میں چاند اور مریخ کے مشنز کے لیے انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے۔ امریکی خلائی ادارہ ناسا بھی اسٹار شپ کو اپنے آرٹیمس پروگرام کے لیے استعمال کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے، جس کے تحت مستقبل میں خلابازوں کو دوبارہ چاند کی سطح پر اتارنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کافی پینے کے بعد بچنے والے ذرات کی قیمت بڑھ گئی، اب بنے گا بائیو ڈیزل

دوسری جانب ایلون مسک کا منصوبہ صرف چاند تک محدود نہیں۔ وہ مستقبل میں اسٹار شپ کے ذریعے انسانوں کو مریخ پر پہنچانے اور وہاں ایک مستقل انسانی بستی قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اسپیس ایکس کے لیے یہ کامیابی اس سمت میں ایک اہم قدم ہے، کیونکہ مستقبل کے خلائی سفر میں ایسے جہازوں کی ضرورت ہوگی جو خلا میں جانے کے بعد دوبارہ زمین پر واپس آسکیں اور پھر نئے مشن کے لیے تیار کیے جا سکیں۔

editor

Related Articles