ملک کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کراچی میں لینڈ مافیا اور بااثر عناصر کی دیدہ دلیری انتہا کو پہنچ گئی ہے، جہاں بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) کے انتہائی اہم ہنگامی ادارے یعنی فائر بریگیڈ کے لیے مختص قیمتی سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے اور اسے غیر قانونی طور پر ایک نجی شخص کے نام لیز کیے جانے کا تہلکہ خیز انکشاف سامنے آیا ہے۔
دستاویزی شواہد اور سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کل 4 ہزار 446 مربع گز قیمتی سرکاری اراضی سال 1998ء میں لینڈ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے باقاعدہ طور پر فائر بریگیڈ کے حوالے کی گئی تھی۔ اس ریکارڈ میں اس بات کی تحریری دستاویز بھی موجود ہے کہ اس اراضی میں سے 1600 مربع گز زمین خاص طور پر فائر بریگیڈ اسٹیشن کے قیام اور شہریوں کو ہنگامی امداد فراہم کرنے کے لیے مختص کی گئی تھی۔
فائر بریگیڈ کا دفتر مسمار، سرکاری زمین نجی شخص کو لیز کر دی گئی
تاہم انکشاف ہوا ہے کہ سال 2022ء میں تمام تر قواعد و ضوابط اور عوامی مفاد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے فائر بریگیڈ کے لیے مختص اس قیمتی سرکاری اراضی کو مبینہ طور پر ایک نجی شخص کے نام لیز کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق قبضہ مافیا نے نہ صرف سرکاری زمین کے گرد غیر قانونی چاردیواری قائم کر کے راستہ بند کر دیا بلکہ وہاں موجود فائر بریگیڈ کے دفتر کو بھی مکمل طور پر ختم کر دیا، جس سے علاقے میں آگ لگنے یا کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
2026ء میں عقبی حصے پر بھی قبضہ، ہل پارک کی تاریخی پہاڑی کی کٹائی شروع
زمینوں پر قبضے کا یہ سلسلہ یہیں نہیں رکا بلکہ رپورٹ میں مزید چشم کشا انکشاف کیا گیا ہے کہ رواں سال 2026ء میں فائر بریگیڈ اسٹیشن کے عقبی حصے پر بھی مبینہ طور پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کراچی کے مشہور اور تاریخی تفریحی مقام ‘ہل پارک’ کی پہاڑی کی غیر قانونی کٹائی کر کے وہاں بھی مبینہ طور پر زمین ہتھیانے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس حساس علاقے میں واٹر بورڈ کے لیے مختص اراضی پر واٹر پمپنگ اسٹیشن اور ٹریفک سیکشن کا دفتر بھی قائم ہے، جن کی سلامتی اور رسائی بھی اس قبضے کے باعث خطرے میں پڑ گئی ہے۔
سندھ حکومت کی کارکردگی پر شہریوں کا شدید غم و غصہ
فائر بریگیڈ جیسے اہم عوامی ادارے کی زمین ہڑپ کرنے اور ہل پارک کی تاریخی پہاڑی کاٹنے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد کراچی کے شہریوں اور سماجی حلقوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔ شہریوں نے سندھ حکومت اور بلدیاتی اداروں کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت شہر کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے بجائے لینڈ مافیا کی سرپرستی کر رہی ہے۔ شہری حلقوں نے بڑھتی ہوئی بے روزگاری، مبینہ کرپشن، خستہ حال سڑکوں اور ہنگامی اداروں کی زمینوں پر قبضوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے اعلیٰ حکام اور تحقیقاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر قانونی لیز کو فوری منسوخ کر کے فائر بریگیڈ کی اراضی واگزار کرائی جائے