وفاقی ادارے کراچی پورٹ ٹرسٹ کی اربوں روپے مالیت کی ساحلی اور بندرگاہی اراضی پر قبضے، غیر قانونی الاٹمنٹ اور کمرشل لوٹ مار کا انکشاف ہوا ہے، کرپشن کے اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی سرپرستی بے نقاب ہو گئی ہے۔
دستاویزی رپورٹس کے مطابق ایک وفاقی قانونی ادارے کی قیمتی زمین کو انتظامی اور ریونیو مشینری، مقامی اداروں، نجی بلڈرز اور بااثر مڈل مینز کی ملی بھگت سے ہتھیانے اور فروخت کرنے کا عمل جاری ہے۔
کے پی ٹی کی منظوری، منتقلی، لیز یا سرینڈر کے بغیر اربوں روپے کی املاک پر قبضے اور کمرشل استعمال نے سندھ حکومت کے پورے نظام کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی کی سرکاری اراضی پر ڈاکہ: بلاول زرداری کی 18 سالہ گورننس کا ایک اور اسکینڈل بے نقاب
دستاویزی شواہد کے مطابق کے پی ٹی کی دعویٰ کردہ ساحلی پٹی کا پس منظر 1875 میں حکومتِ ہندوستان کی جانب سے ہاکس بے سے خیابانِ خالد کی سمت زمین کی الاٹمنٹ سے ملتا ہے۔
بندرگاہی حدود کا تعین 2 مئی 1940 کے نوٹیفکیشن اور بعد ازاں کراچی پورٹ ٹرسٹ ایکٹ 1886 کے سیکشن 3 کے تحت 5 اکتوبر 1991 کے نوٹیفکیشن کے ذریعے مزید واضح اور توسیع پذیر کیا گیا، تاہم ان دستاویزات اور نقشوں کے باوجود قبضے، ریکلیمیشن، سب ڈویژن اور الاٹمنٹس کا سلسلہ جاری ہے۔
ساحلی پٹی، ہجرت کالونی اور ہاؤسنگ سوسائٹی کے معاملات
اس معاملے میں متنازع قرار دی جانے والی اراضی کی فہرست طویل ہے۔ ایس اے پی ٹی ایل بریک واٹر سے ٹولمن مال تک تقریباً 350 ایکڑ ساحلی پٹی پر کے پی ٹی کی تسلیم شدہ منتقلی یا لیز کے بغیر قبضہ کیے جانے کا ذکر ہے،
جس میں زمین پر قبضہ برقرار رکھنے کے لیے سندھ پولیس رائڈنگ اسکول کے قیام اور کے ڈی اے سے متعلق انتظامات کے تحت رہائشی ترقیاتی منصوبے شامل بتائے جاتے ہیں۔
ہجرت کالونی کی تقریباً 124 سے 140 ایکڑ اراضی کے حوالے سے کے پی ٹی کا مؤقف ہے کہ 75 ایکڑ کی ابتدائی مشروط پیشکش کبھی مکمل نہیں ہوئی، تاہم صوبائی ریونیو نے پیپلز پارٹی کی سیاسی شخصیات یعنی بلاول ہاؤس سے منسلک افراد کے 25 نجی بینیفیشریز کو الاٹمنٹس کر ڈالیں، جو کے پی ٹی کی منظوری یا لیز کے بغیر الاٹمنٹس و مقدمات کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی طرح کے پی ٹی آفیسرز ہاؤسنگ سوسائٹی کی تقریباً 250 ایکڑ دعویٰ کردہ زمین پر متصادم صوبائی دعوے اور قانونی مقدمات موجود ہیں۔
چائنا کریک، ہاکس بے اور دیگر علاقوں کی صورتحال
گلشنِ سکندر آباد یا چائنا کریک کی 200 ایکڑ سے زیادہ اراضی بااثر نجی اور سیاسی مداخلت کے باعث تاحال غیر متعلقہ پارٹیز کے قبضے میں بتائی جاتی ہے۔
ہاکس بے 28، ٹرانس لیاری کیس اور سالٹ پین ایریا کی تقریباً 1000 ایکڑ زمین پر کے پی ٹی کی رضامندی یا منتقلی کے بغیر سندھ حکومت کی جانب سے قبضہ، ترقیاتی کام اور من پسند افراد کو الاٹمنٹس کرنے کے معاملات سامنے آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:50 ارب کی رائلٹی ہڑپ، تھر کے بچے بھوک سے مر گئے! بلاول بھٹو کے دعووں کی قلعی کھل گئی
مزید برآں ہاکس بے کی دیگر تقریباً 1000 ایکڑ اراضی نجی بینیفیشریز کو انتہائی کم اور غیر حقیقی نرخوں پر صوبائی ریونیو کی جانب سے الاٹ کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق کیماڑی، کورنگی، ایسٹ، ویسٹ اور ملیر میں تقریباً ایک لاکھ ایکڑ سے زیادہ سرکاری اراضی، جس کی مالیت کھربوں روپے بتائی جاتی ہے، پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔
کچی آبادیوں میں تبدیلی اور نئے صوبوں کی مخالفت
مچھر کالونی کی تقریباً 400 ایکڑ اراضی، جو بندرگاہ سے متعلق کنٹینر ڈسٹرکٹ کی ترقی کے لیے مختص تھی، اسے سندھ کچی آبادی سیٹلمنٹ پلان اور دیگر استعمالات کے تحت پیپلز پارٹی حکومت کی سرپرستی میں رہائشی بستی میں تبدیل کیا گیا۔
یونس آباد کی تقریباً 200 سے 300 ایکڑ زمین پر بھی قبضہ کر کے بستیاں بسانے اور قریبی افراد کو نوازنے کے الزامات ہیں۔
صالح آباد، نیو صالح آباد اور نیو منورا میں تقریباً 300 سے 400 ایکڑ فی علاقہ کے پی ٹی کی دعویٰ کردہ زمین پر جعلی دستاویزات کی آڑ میں رہائشی بستیوں، الاٹمنٹ اور تعمیرات کے معاملات سامنے آئے ہیں۔
چونکہ یہ علاقے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے زیرِ انتظام ہیں، اس لیے مؤثر قانونی کارروائی نہ ہونے کی شکایات کی جاتی ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس اور نئے صوبوں کے قیام کی شدید مخالفت کے پیچھے یہی مفادات کارفرما ہیں کہ نئے صوبے بننے سے کرپشن کے راستے اور قبضوں کے ذرائع متاثر ہو سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:بلاول نئے صوبوں کے قیام سے خائف کیوں؟ شیر افضل مروت نے پیپلز پارٹی کی سیاست کا بھانڈا پھوڑ دیا
واضح رہے کہ کراچی جیسے بڑے صنعتی اور بندرگاہی شہر میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی، زمین کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان اختیارات کی کشمکش نے اراضی کے تنازعات کو مزید پیچیدہ بنایا ہے، جہاں وفاقی اداروں کی املاک کے تحفظ اور مقامی ریونیو ریکارڈ کے درمیان اکثر ٹکراؤ دیکھنے میں آتا ہے۔
جب تک وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان اراضی کے ریکارڈ کا شفاف ڈیجیٹل آڈٹ، متنازع الاٹمنٹس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی، تب تک عوامی و ریاستی املاک کے تحفظ کا معاملہ محض دعوؤں اور مقدمات تک محدود رہے گا۔ زمین کے ایسے تنازعات نہ صرف سرکاری خزانے کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ شہر کے ماسٹر پلان اور بندرگاہی توسیع کے منصوبوں کے لیے بھی سنگین رکاوٹ پیدا کرتے ہیں۔
