قومی احتساب بیورو (نیب) کی شکایت کنندہ کمیٹی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، ان کے اہل خانہ اور مبینہ فرنٹ مینز کے نامی و بے نامی اثاثوں سے متعلق الزامات پر باقاعدہ انکوائری کی منظوری دینے کی سفارش کر دی ہے۔ نیب کی فراہم کردہ دستاویزات میں ڈیرہ اسماعیل خان، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں جائیدادوں، ہزاروں کنال زرعی اراضی اور سرکاری زمین کی مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق تفصیلات شامل ہیں۔
قومی احتساب آرڈیننس 1999 کے تحت تیار کردہ دستاویزات کے مطابق مولانا فضل الرحمان پر بنوں روڈ پر اپنے بھائیوں کے لیے بنگلے تعمیر کرانے، شوگر مل حاصل کرنے، 300 کنال زرعی اراضی خریدنے اور ڈیرہ اسماعیل خان کے موضع رتہ کلاچی میں سرکاری زرعی زمین مبینہ طور پر اپنے نام منتقل کرانے کے الزامات عائد کیے گئے۔
نیب کی 2018 کی دستاویزات اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کی رپورٹ کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے نام عبدل خیل پہاڑ پور میں 15 لاکھ روپے مالیت کا مکان، شور کوٹ میں 25 لاکھ روپے کا مکان اور اس سے ملحقہ 7 لاکھ روپے مالیت کا پانچ کنال پلاٹ درج تھا، جس پر مزید دو مکانات تعمیر کیے گئے تھے۔
دستاویزات میں ان کے 2017 کے الیکشن کمیشن گوشواروں کے حوالے سے 9 لاکھ 50 ہزار روپے کے زیورات، 60 ہزار روپے کے فرنیچر اور الائیڈ بینک کے ایک اکاؤنٹ میں 20 لاکھ 50 ہزار 312 روپے کا بھی ذکر ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی رپورٹ کے مطابق شور کوٹ میں ان کی 47 کنال چار مرلہ اراضی بھی ریکارڈ کا حصہ تھی۔
اہل خانہ کے اثاثوں سے متعلق ریکارڈ میں مولانا فضل الرحمان کے بھائی لطف الرحمان کے نام تین کنال سات مرلہ اور عطا الرحمان کے نام 13 مرلہ زمین درج ہے۔ 2013 کی دستاویزات میں لطف الرحمان کے نام درآمد شدہ لینڈ کروزر پراڈو کا بھی ذکر ہے، جس کی تخمینہ مالیت 60 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی۔
دستاویزات کے مطابق یہ معاملہ مختلف بورڈ اجلاسوں میں زیر غور رہنے کے بعد 23 جولائی 2020 کے اجلاس میں پیش ہوا، جہاں اسے باقاعدہ انکوائری کے لیے نیب ہیڈکوارٹرز بھجوانے کی تجویز دی گئی۔ مجاز اتھارٹی کی ہدایت پر مبینہ بے نامی اثاثوں کی مزید چھان بین کی گئی، جس کے دوران مولانا فضل الرحمان اور ان سے منسوب فرنٹ مینز کی اضافی جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی۔
رپورٹ میں مولانا فضل الرحمان سے منسوب جائیدادوں میں ڈیرہ اسماعیل خان کے دو مکانات اور ایک پلاٹ، اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ میں بنگلہ، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں فلیٹس اور دکانیں، جبکہ دبئی میں ایک فلیٹ بھی شامل بتایا گیا ہے۔ اسی طرح پنیالہ، عبدل خیل اور شور کوٹ میں مکانات، مدارس اور زرعی اراضی کی تفصیلات بھی درج ہیں۔
نیب رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ چک شہزاد اسلام آباد میں سابق سینیٹر غلام علی اور ان کے بیٹے فیاض علی، جو مولانا فضل الرحمان کے داماد ہیں، کے ذریعے تین ارب روپے کی زمین خرید کر بعد میں بھاری منافع پر فروخت کی گئی۔
تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کے مطابق مبینہ فرنٹ مینز کے نام 68 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کی 3 ہزار 640 کنال اراضی کی نشاندہی بھی کی گئی۔ ان جائیدادوں میں گاؤں ہمت، بابر کچا، رمک، شیخ راجا، گڑھی رحمان، یارق، غلام کھوئی اور موضع مریالی میں زرعی و تجارتی زمینیں شامل بتائی گئی ہیں۔
مزید دستاویزات میں ڈیرہ اسماعیل خان میں مبینہ فرنٹ مینز کے نام 17 ہزار 192 کنال سے زائد زمین کا ذکر کیا گیا ہے۔ ریکارڈ کے مطابق حاجی جلال خان وزیر کے نام 714 کنال سے زائد، گل اصغر وزیر کے نام 16 ہزار 257 کنال، جبکہ ایک اور شخص سے منسوب 221 کنال اراضی اور دو بنگلوں کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔ ان بنگلوں کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ لطف الرحمان کے زیر استعمال تھے۔
سرکاری اراضی کی مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق دستاویزات میں بتایا گیا کہ 2006 میں رکھ زنڈانی میں چار ہزار کنال زرعی زمین الاٹ کی گئی، تاہم 2007 میں یہ الاٹمنٹ منسوخ ہو گئی۔ اسی طرح 2006 میں رکھ کیپٹن کرنل شیر خان شہید میں 1200 کنال اراضی کی الاٹمنٹ کا بھی ذکر ہے، جو رپورٹ کے مطابق نیب انکوائری کے باعث محکمہ زراعت کی تحویل میں رہی۔
رپورٹ کے مطابق 2011 میں محکمہ جنگلات کی 600 کنال اراضی، جس کی مارکیٹ ویلیو 45 ہزار روپے فی کنال بتائی گئی، ماڈل فارمز کے نام صرف 375 روپے فی کنال کے حساب سے الاٹ کی گئی۔ دستاویزات میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ زمین 2012 سے 2014 کے درمیان نیب کارروائی کے خدشے کے باعث واپس کر دی گئی۔
نیب کی شکایت کنندہ کمیٹی نے ان الزامات اور اثاثوں کی تفصیلات کی بنیاد پر باقاعدہ انکوائری کی منظوری کی سفارش کی ہے۔ تاہم دستاویزات میں درج الزامات، مبینہ اثاثوں کی نشاندہی اور انکوائری کی سفارش کو کسی جرم کے ثابت ہونے یا حتمی عدالتی فیصلے کے مترادف نہیں سمجھا جا سکتا۔
