مذہب کے لبادے میں سرکاری اراضی پر قبضہ: علمائے کرام اور شہریوں کا فضل الرحمان سے مفتی محمود مرکز کی اراضی واگزار کرنے کا مطالبہ ایک بار پھر زور پکڑ گیا

مذہب کے لبادے میں سرکاری اراضی پر قبضہ: علمائے کرام اور شہریوں کا فضل الرحمان سے مفتی محمود مرکز کی اراضی واگزار کرنے کا مطالبہ ایک بار پھر زور پکڑ گیا

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے منسوب مفتی محمود مرکز کی سرکاری اراضی پر مبینہ تجاوزات کا معاملہ ایک مرتبہ پھر زیر بحث آ گیا۔ سال 2000 سے 2026 تک مرکز اور اس کے گردونواح میں ہونے والی تعمیراتی تبدیلیوں کی تفصیلی ویڈیو سامنے آنے کے بعد شہریوں اور علماء کی جانب سے مبینہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی اور سرکاری اراضی واگزار کرانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

آزاد ڈیجیٹل کی رپورٹ کے مطابق سامنے آنے والی ویڈیو میں گزشتہ 26 برسوں کے دوران مفتی محمود مرکز اور اس کے اطراف میں تعمیرات کے مختلف مراحل کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ویڈیو میں سال 2000 کے نسبتاً خالی علاقے سے لے کر 2026 میں وسیع عمارتوں اور تجارتی سرگرمیوں کے پھیلاؤ تک ہونے والی تبدیلیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔

ویڈیو کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق سال 2000 سے 2005 کے دوران مفتی محمود مرکز کا مقام بنیادی طور پر خالی پلاٹ اور محدود ابتدائی تعمیرات پر مشتمل تھا، جبکہ اطراف میں کھلی جگہیں موجود تھیں۔

سال 2008 سے 2010 کے دوران علاقے کے بنیادی ڈھانچے میں تبدیلیاں آنا شروع ہوئیں۔ سڑکوں کے نظام میں بہتری اور قریبی آبادیوں کے پھیلاؤ کے ساتھ علاقے میں شہری ترقی کا عمل تیز ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمان کا طلبہ کو ڈھال بنا کر قانون کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش، مفتی محمود مرکز کی سیکیورٹی انصار السلام کے حوالے

رپورٹ میں سال 2011 سے 2015 کو اہم قرار دیا گیا ہے، جب مرکز کی عمارت اور اس کے احاطے میں تعمیراتی سرگرمیوں کے نتیجے میں عمارت کی ساخت اور زیر استعمال رقبے میں نمایاں تبدیلیاں آئیں۔

سال 2016 سے 2021 کے دوران مفتی محمود مرکز اور اس کے گردونواح میں تعمیرات میں مزید وسعت دیکھی گئی، جبکہ 2022 سے 2026 کے درمیان قریبی پلازوں اور کاروباری سرگرمیوں کے پھیلاؤ سے یہ علاقہ ایک وسیع تجارتی و رہائشی مقام کی شکل اختیار کر گیا۔

مفتی محمود مرکز کی اراضی کا تنازع اس سے قبل بھی انتظامیہ کے سامنے آ چکا ہے۔ رپورٹس کے مطابق پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مرکز کی بعض تعمیرات کو رنگ روڈ کی 52 فٹ حدود میں تجاوزات قرار دیتے ہوئے نوٹس جاری کیے گئے تھے۔

شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اگر عام شہریوں کی دکانوں، مکانات اور دیگر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے تو بااثر سیاسی جماعتوں سے منسلک عمارتوں کے معاملے میں بھی قانون کا یکساں نفاذ یقینی بنایا جائے۔

مفتی محمود مرکز کے حوالے سے بنیادی سوال اب اراضی کی قانونی حدود، تعمیرات کی منظوری اور مبینہ تجاوزات کی نشاندہی کا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ انتظامیہ سرکاری ریکارڈ کی بنیاد پر اراضی کی حدود واضح کرے اور اگر تجاوزات ثابت ہوں تو بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔

Related Articles