مدارس کسی سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں، جے یو آئی (ف) طلبہ کو سیاست کا ایندھن بنانا بند کرے، بلوچستان کے علماء کی مشترکہ پریس کانفرنس

مدارس کسی سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں، جے یو آئی (ف) طلبہ کو سیاست کا ایندھن بنانا بند کرے، بلوچستان کے علماء کی مشترکہ پریس کانفرنس

بلوچستان کے علماء کرام اور دینی مدارس کے مہتممین نے مدارس کی خودمختاری، غیر سیاسی حیثیت اور اجتماعی تشخص کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دینی مدارس کسی ایک فرقے، خاندان، تنظیم یا سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں، ان کے طلبہ کو سیاسی مقاصد، احتجاجی تحریکوں اور ریاستی اداروں کے خلاف سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

کوئٹہ میں دینی مدارس کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ مہراللہ نے کہا کہ مدارس کا بنیادی مقصد قرآن و سنت کی تعلیم، دین اسلام کی ترویج، اسلامی اقدار کا تحفظ اور طلبہ کی اخلاقی تربیت ہے۔ مدارس کو کسی سیاسی جماعت کی ملکیت سمجھنا یا انہیں سیاسی طاقت کے حصول کا ذریعہ بنانا قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے اکثر علماء کرام اور مدارس کے مہتممین مدارس کی آزادی، خودمختاری اور غیر سیاسی تشخص کے تحفظ کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں۔ دینی اداروں اور ان کے طلبہ کو سیاسی مقاصد یا مذہبی انتہا پسندی کے لیے استعمال کرنے کی سخت مخالفت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمن کے گھر کے باہر سکیورٹی ناکہ شہریوں کے تحفظ لیے لگایا گیا ، اسلام آباد پولیس کا موقف

حافظ مہراللہ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے دی جائے، انہیں سیاسی سرگرمیوں کا ایندھن نہ بنایا جائے۔ مدارس کو ریاست کے خلاف احتجاج، دھرنوں اور ریلیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دینی مدارس کی سرپرستی اور معاونت کی جائے اور وہاں زیر تعلیم بچوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ مدارس میں جدید عصری علوم، کمپیوٹرز، لیپ ٹاپ اور دیگر تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ اساتذہ کی معاونت بھی یقینی بنائی جائے۔

حافظ مہراللہ کا کہنا تھا کہ دینی مدارس میں زیر تعلیم طلبہ کی اکثریت غریب گھرانوں سے تعلق رکھتی ہے، اس لیے ان کی تعلیم و تربیت اور بہتر مستقبل پر توجہ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج بلوچستان اسمبلی میں متعلقہ سیاسی جماعت سے وابستہ کوئی عالم دین موجود نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نئے انتظامی یونٹس کا مطالبہ صوبوں کی توڑ پھوڑ نہیں، بلاول بھٹو اور فضل الرحمان کا تقسیم کا بیانیہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش، اصل سوالات سے فرار ہے، عوامی حلقے

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ ڈاکٹر علاءالدین سارنگ نے کہا کہ موجودہ حالات میں دینی مدارس کی خودمختاری کا تحفظ ناگزیر ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک سیاسی جماعت مدارس کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے، تاہم مدارس کے پلیٹ فارم کو حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

حافظ ڈاکٹر علاءالدین نے جمعیت علمائے اسلام (ف) پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ جماعت مدارس کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرتی ہے اور دینی اداروں پر مخصوص سیاسی جماعت کی اجارہ داری قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کی وہ مخالفت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مدارس میں پڑھانے والے علماء مالی مشکلات کا شکار ہیں، لیکن جے یو آئی (ف) اسمبلی کی رکنیت سرمایہ داروں کو دیتی ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ بلوچستان اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام کے موجودہ اراکین میں کوئی عالم دین شامل نہیں۔

پریس کانفرنس کے شرکاء نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کا تعلق تعلیم، دینی تربیت اور اسلامی اقدار کے فروغ سے ہے، نہ کہ کسی سیاسی جماعت کے مفادات سے۔ دینی مدارس کی خودمختاری، غیر سیاسی حیثیت اور طلبہ کے تعلیمی مستقبل کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔

Related Articles