ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے سندھ میں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرنے والی پیپلز پارٹی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے مطالبے پر سندھ کے شہری علاقوں کو خون میں نہلانے کی دھمکیاں دینے والے جمہوری حقِ اظہار کو برداشت کرنے کے لیے بھی تیار نہیں۔
کراچی کے ضلع کورنگی میں پارٹی ذمہ داران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 1973 کا آئین کوئی آسمانی صحیفہ نہیں جس میں تبدیلی نہیں ہوسکتی۔ پیپلز پارٹی خود کو آئین کی محافظ قرار دیتی ہے، لیکن اسی جماعت نے اپنے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے متعارف کردہ آئین میں 27 ترامیم کروائیں۔ اس کے باوجود نئے صوبوں کے قیام کی بات پر مخالفت کا رویہ اختیار کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد وفاق کی مالی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ صوبے وفاق سے ہزاروں ارب روپے حاصل کرنے کے باوجود اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 16 برسوں کے دوران وفاق سے 22 ہزار ارب روپے ملنے کے باوجود کراچی سے کشمور تک ترقی اور بنیادی سہولتوں کی صورتحال تسلی بخش نہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کی تحریک کسی انتخابی مہم، سیاسی نشستوں یا اقتدار کے حصول کی کوشش کا حصہ نہیں بلکہ پاکستان کی بقا اور آنے والی نسلوں کے مستقبل سے جڑی سنجیدہ جدوجہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ کرنے والوں کو خونریزی کی دھمکیاں دینا ناقابل قبول ہے اور شہری علاقوں کے عوام کے حقوق کو اس طرح دبایا نہیں جاسکتا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی اب اپنے حقوق کے لیے فیصلہ کن آواز بلند کرنے کو تیار ہے۔ ظلم کا خاتمہ ہوگا اور محروم عوام کے لیے راحت کا دور شروع ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے سال نئے صوبوں کے حق میں اپنی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع منعقد کیا جائے گا، جس میں کراچی اپنی رائے اور فیصلہ پوری قوت سے سامنے لائے گا۔
انہوں نے اسے ایک تاریخی موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ اگلے سال سے پاکستان کی حقیقی آزادی کے دائمی عہد کا آغاز ہوگا اور نئے صوبوں کی تحریک کو ایک نئی سمت ملے گی۔
