وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نےآزاد ڈیجیٹل پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ کہتے ہیں ایک زرداری سب سے یاری یا ایک زرداری سب پر بھاری‘‘، لیکن انہیں لگتا ہے کہ زرداری صاحب اپنے ہی اوپر بھاری پڑ رہے ہیں، باقی کسی اور پر کیا بھاری پڑیں گےانہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی قرارداد جمع کرانے کے لیے بھی ارکان کی ضرورت ہوتی ہے۔ جس نے یہ شوق پورا کرنا ہے، وہ کرکے دیکھ لے۔
پیپلز پارٹی کا پنجاب حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ
ایک سوال کے جواب میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ انہیں ایسی کوئی بات نظر نہیں آتی کہ پنجاب میں متبادل وزیراعلیٰ لایا جائے گا۔ جب ایسا ہوگا تو دیکھا جائے گا،پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے حوالے سے سوال کیا گیا کہ اطلاعات ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کوئی قرارداد جمع کرائی جا سکتی ہے۔
اس پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ قرارداد جمع کرانے کے لیے بھی ارکان درکار ہوتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں کتنے ارکان ہیں؟ ان کے پاس مخصوص نشستوں سمیت مجموعی طور پر 16 ارکان ہیں۔ 16 ارکان کے ساتھ یہ سب کچھ کرنا آسان نہیں، تاہم جس نے شوق پورا کرنا ہے، وہ کرکے دیکھ لے۔
انہوں نے کہا کہ ’’ایک زرداری سب پر بھاری‘‘ کا نعرہ لگایا جاتا ہے، لیکن انہیں تو لگتا ہے کہ وہ اپنے ہی اوپر بھاری پڑ رہے ہیں، کسی اور پر کیا بھاری پڑیں گےعظمیٰ بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کوئی اور بات کرتے ہیں اور پھر زرداری صاحب معاملات درست کرنے کے لیے نکل پڑتے ہیں۔ ظاہر ہے والد کا یہی کام ہوتا ہے، لیکن پیپلز پارٹی کی جانب سے عجیب دوہری پالیسی اختیار کی جا رہی ہے۔
پیپلز پارٹی کا نئے صوبوں کے معاملے پر دوہرا معیار
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک طرف پیپلز پارٹی خود آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیتی ہے، دوسری طرف مخصوص نشستیں حاصل کرکے خواتین کو نامزد کرتی ہے اور انہیں ایوان میں بٹھاتی ہے۔ پنجاب کے لیے اسے نیا صوبہ بنانے کا بہت شوق ہے، لیکن جب بات سندھ کی آتی ہے تو ’’مرسو مرسو‘‘ کے نعرے لگانا شروع کر دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دوہرا معیار ہے۔ ایسا نہیں ہو سکتا کہ آپ پورے پاکستان میں نئے صوبے بنانے پر اعتراض نہ کریں، لیکن سندھ میں نئے صوبے کی بات ہو تو مخالفت شروع کر دیں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بہتر طرزِ حکمرانی ہے، یہاں کے شہریوں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ جب لوگ لاہور آتے ہیں تو کہتے ہیں کہ اس سے زیادہ خوبصورت صوبہ اور شہر کوئی نہیں۔ صرف لاہور ہی نہیں بلکہ پورے پنجاب میں بہتری کے کام نظر آتے ہیں۔
انہوں نے ساہیوال، لودھراں اور اٹک کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں خوبصورتی اور ترقیاتی کاموں کے باعث شہری جدید شہروں جیسا ماحول محسوس کر رہے ہیں،عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جہاں بہتر طرزِ حکمرانی ہے، وہاں نئے صوبے بن جائیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، لیکن جہاں برسوں سے ایک ہی جماعت کی اجارہ داری اور ٹھیکے داری چل رہی ہے، وہاں کوئی ہاتھ نہ ڈالے، ایسا نہیں ہو سکتا۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی دوہرے معیار کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
مریم نواز پر تنقید کے پیچھے کارکردگی بھی ایک وجہ ہے
عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جب مریم نواز نے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں تو بعض لوگوں کا خیال تھا کہ وہ تجربہ کار نہیں ہیں اور پہلی مرتبہ کسی بڑے عہدے پر آئی ہیں، اس لیے شاید وہ بہتر کارکردگی نہیں دکھا سکیں گی،تاہم ڈھائی سال کے دوران انہوں نے جس محنت سے کام کیا ہے، وہ خود اس کی گواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے مریم نواز کو ہر چھوٹی سے چھوٹی تفصیل پر کام کرتے دیکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کچرا اٹھانے سے لے کر گھر گھر صفائی کے معاملات اور کچرا ٹھکانے لگانے کے مقامات تک ہر کام کی نگرانی کرتی ہیں۔ ہر منصوبے کے لیے وقت مقرر کیا جاتا ہے اور اس کی تکمیل کی نگرانی بھی کی جاتی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ تقریباً 120 منصوبوں میں سے کوئی منصوبہ ایسا نہیں جو شروع نہ ہوا ہو یا مکمل نہ ہوا ہو، تمام منصوبے اپنا اپنا کام کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ سیاسی تجزیہ کاروں اور بعض حلقوں کو شاید اس بات کا خوف ہے کہ مریم نواز کی کارکردگی ان کی سیاسی دکانیں بند کر سکتی ہے۔
مریم نواز کرپشن کے الزامات پر خود کارروائی کی ہدایت دے چکی ہیں
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کسی صورت ایک اور پاناما جیسا معاملہ نہیں بننے دیں گی اور نہ ہی اس نوعیت کا کوئی غلط بیانیہ تشکیل پانے دیں گی،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب خود کہہ چکی ہیں کہ اگر کسی کے پاس ان کے یا ان کے وزرا کے خلاف کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائے، وہ خود اس کے خلاف کارروائی کریں گی،عظمیٰ بخاری کے مطابق کسی پر الزام لگانے کے بعد یہ کہنا کہ میں نے نام نہیں لیا بلکہ سیاسی بیان دیا تھا، مناسب طرزِ عمل نہیں۔ ایسے بیانات کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
تھیٹر میں بے حیائی روکنے کے لیے ضابطہ بندی ضروری ہے
پنجاب میں تھیٹر سے متعلق قانون سازی اور فنکاروں کے تحفظات پر بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بعض سینئر فنکاروں نے شکایت کی ہے کہ انہیں قانون سازی کے عمل میں اعتماد میں نہیں لیا گیا،انہوں نے کہا کہ تھیٹر میں رات کے پروگرام کرنے پر انہیں کوئی اعتراض نہیں، لیکن اس کی آڑ میں بے حیائی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اگر کسی کو باقاعدہ اجازت نہیں مل رہی تو وہ تھیٹر کے نام پر ایسے کام نہیں کر سکتا جن کی اجازت قانون نہیں دیتا۔
ان کا کہنا تھا کہ تھیٹر کو تھیٹر ہی رہنا چاہیے۔ دنیا کے مختلف ممالک میں تھیٹر کے لباس، مکالموں اور تحریری مواد کے حوالے سے ضابطے موجود ہیں۔ برطانیہ، ملائیشیا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور سنگاپور سمیت کئی ممالک میں لباس کے ضابطے، غیر مناسب گفتگو پر پابندیاں اور ڈراموں کے متن کی منظوری کا نظام موجود ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں بھی اس قانون کا مقصد تھیٹر کو بند کرنا نہیں بلکہ اسے ضابطے کے تحت لانا اور نگرانی کا نظام بہتر بنانا ہے،انہوں نے تنقید کرنے والوں سے سوال کیا کہ کیا وہ سمجھتے ہیں کہ موجودہ تھیٹر میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ سب درست ہے؟ اگر ایسا ہے تو پھر اس پر اعتراض کیوں کیا جاتا ہے؟
پنجاب میں اسٹیج پر فحش حرکات کے رجحان میں کمی آئی ہے
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ مریم نواز کی حکومت آنے کے بعد کچھ محنت کی گئی ہے اور اسٹیج پر لباس اتارنے کا جو رجحان تھا، اس میں کمی آئی ہے،انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسٹیج پر فنکاروں کے کپڑے تک اتار دیے جاتے تھے، لیکن اب اس معاملے کو کافی حد تک قابو کیا گیا ہے۔ مستقبل میں اس شعبے کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں وزیراعلیٰ سے دباؤ برداشت کرنے کی تربیت مل چکی ہے، اس لیے اگر انہیں لگتا ہے کہ کوئی اقدام معاشرے کی بہتری کے لیے ہے تو وہ دباؤ کے باوجود اس پر عمل درآمد کریں گی،انہوں نے ایک کم عمر بچے کی وائرل ہونے والی ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں 11 یا 12 سال کا بچہ نامناسب حرکات کی نقل کر رہا تھا۔ اس وقت لوگ سوال کرتے ہیں کہ حکومت کہاں ہے؟ اب جب حکومت ان چیزوں کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے تو اسی پر تنقید کی جا رہی ہے۔ یہ منافقت نہیں ہونی چاہیے۔
تھیٹر میں سماجی مسائل پر سبق آموز ڈرامے پیش کیے جائیں
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ملک میں بہت سے بڑے مسائل ہیں جن پر تھیٹر کے ذریعے بات ہونی چاہیے۔ غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کا مسئلہ بھی ایک اہم موضوع ہے، جس پر نوجوانوں کی توجہ مبذول کرانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اپنے بچپن میں دیکھا ہوا ایک ڈراما یاد کرتے ہوئے کہا کہ غالباً یہ سہیل احمد کا ڈراما تھا، جس میں ملک سے باہر جانے کے رجحان اور اس کے مسائل کو موضوع بنایا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ تھیٹر میں ایسے سبق آموز موضوعات لائے جائیں اور فنکار ان پر اداکاری کریں۔ صرف گانوں اور رقص پر مشتمل پروگرام پیش کرنے کے بجائے ایسے ڈرامے ہونے چاہئیں جن سے معاشرے کو کوئی مثبت پیغام ملے۔
وفاقی وزرا کو ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے گریز کرنا چاہیے
وفاقی وزیر محسن نقوی کے ایک بیان کے حوالے سے سوال پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ محسن نقوی نے کس کے بارے میں بات کی ہے، لیکن ساتھی وزرا کے لیے اس طرح کی زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایک وزیر دوسرے وزیر کے بارے میں سخت زبان استعمال کرے گا تو دوسری طرف سے بھی جواب آئے گا، جس سے وزیراعظم کی کابینہ کے اندر غیر ضروری صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق اس وقت ملک میں کئی اہم اور حساس معاملات زیرِ بحث ہیں، اس لیے اس نوعیت کی گفتگو مناسب نہیں۔ اگر کسی ساتھی وزیر سے کوئی شکایت ہے تو اسے ذاتی طور پر بات کرکے حل کرنا چاہیے، ذرائع ابلاغ پر آکر ایک دوسرے کے خلاف بیانات نہیں دینے چاہئیں،انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو کسی بات کا برا لگا ہے تو اسے متعلقہ شخص سے بات کرنی چاہیے، ورنہ جواب در جواب سے غیر ضروری تنازع پیدا ہوگا۔
نئے صوبوں کا فیصلہ کاروباری شخصیات نہیں، پارلیمان کرے گی
نئے صوبوں کے معاملے پر کاروباری شخصیات کے کردار سے متعلق سوال کے جواب میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ان کے خیال میں کاروباری حلقوں کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں،انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ پارلیمان، سیاسی جماعتوں اور سیاسی قیادت نے کرنا ہے۔ کاروباری شخصیات اس نوعیت کے فیصلے نہیں کر سکتیں اور نہ ہی کانفرنسوں یا سیمیناروں میں نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ان کے خیال میں اس معاملے کو شروع کرنے کا طریقہ درست نہیں تھا۔ پہلے سیمیناروں اور کانفرنسوں کے ذریعے بحث شروع کی گئی، حالانکہ اس معاملے کو پارلیمان میں لانا چاہیے تھا۔ پارلیمان میں بحث ہوگی تو معاملات واضح ہو جائیں گے۔
مولانا فضل الرحمان کو بڑے پن کا مظاہرہ کرنا چاہیے
عظمیٰ بخاری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آتا کہ مولانا صاحب کو کیا ہو گیا ہے۔ کبھی وہ شہدا کی توہین کر رہے ہوتے ہیں اور کبھی اداروں کے خلاف الگ محاذ بنانے کی بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک بزرگ سیاسی رہنما ہیں اور انہیں اپنے منصب کے مطابق بڑے پن کا کردار ادا کرنا چاہیےعظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ ڈھائی سال میں بہت سے مشکل حالات کا سامنا کیا ہے اور اب وہ ہر طرح کے دباؤ سے نمٹنے کی تربیت حاصل کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ مولانا فضل الرحمان کسی محاذ آرائی کی طرف جائیں گے، اور نہ ہی انہیں ایسا کرنا چاہیے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہر وقت تیار رہتی ہے، کیونکہ ان کے لیے ہر وقت مشکلات اور چیلنجز موجود ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر وقت کسی نہ کسی محاذ پر لڑ رہے ہوتے ہیں اور اب تو وہ ویسے ہی لڑنے کے عادی ہو چکے ہیں۔
