کم آمدن والے شہریوں کے لیے سستی رہائش ! بڑی خوشخبری آگئی

کم آمدن والے شہریوں کے لیے سستی رہائش ! بڑی خوشخبری آگئی

سندھ حکومت نے کم آمدن والے شہریوں کو سستی رہائش فراہم کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اقدامات جاری رکھنے اور سستی بستی منصوبے سے متعلق بل جلد سندھ اسمبلی میں پیش کرنے کا اعلان کر دیا۔ منصوبے کے تحت فراہم کیے جانے والے گھر 10 سال تک فروخت یا منتقل نہیں کیے جا سکیں گے۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران صوبے میں رہائشی منصوبہ بندی، گوٹھوں اور کچی آبادیوں کی لیز سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جس کے دوران مشیر برائے ہیومن سیٹلمنٹ نجمی عالم نے اراکین اسمبلی کے سوالات کے جوابات دیے۔

نجمی عالم نے ایوان کو بتایا کہ کم آمدن شہریوں کو سستی رہائش کی فراہمی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کام جاری ہے، جبکہ سستی بستی منصوبے سے متعلق قانون سازی کے لیے بل جلد اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ سستی بستی منصوبے کے تحت حاصل ہونے والے گھروں کو 10 سال تک فروخت یا منتقل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں اس نوعیت کے مزید منصوبوں یا زمینوں کی گنجائش نہیں رہی۔

مشیر ہیومن سیٹلمنٹ نے بتایا کہ کسی بھی ندی یا نالے کے قریب رہائشی زمین کو لیز پر نہیں دیا جائے گا، جبکہ اندرون سندھ میں حفاظتی بندوں کے قریب زمین لیز پر دینے کی ممانعت سے متعلق قانون بھی بنا لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی جگہ زمین کی لیز محکمہ ریونیو کی اجازت سے مشروط ہوگی۔ اگر محکمہ ریونیو اجازت نہیں دے گا تو متعلقہ زمین لیز پر نہیں دی جائے گی۔

نجمی عالم کے مطابق سندھ حکومت شہریوں کے لیے ایسے گھروں کی تعمیر پر کام کر رہی ہے جو سیلاب سے متاثر نہیں ہوں گے۔

گوٹھوں کی لیز سے متعلق سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یوسف گوٹھ ایک پرانا اور بڑا گوٹھ ہے، جس کی لیز کا عمل اگلے ماہ سے شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے کے 125 گوٹھوں کے لیے این او سی کے حصول کی غرض سے محکمہ ریونیو کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

کچی آبادیوں کے حوالے سے نجمی عالم نے کہا کہ 2011 یا اس سے قبل قائم ہونے والی کچی آبادیوں کی لیز پر بات کی جاتی ہے، جبکہ ان آبادیوں کے لیے ایک جامع ماسٹر پلان بھی تیار کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماسٹر پلان کے تحت غیر قانونی عمارتوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی تاکہ رہائشی منصوبہ بندی کو منظم بنایا جا سکے۔

مشیر ہیومن سیٹلمنٹ نے مزید بتایا کہ سرکاری زمینوں کو غیر قانونی قبضوں سے محفوظ رکھنے کے لیے باقاعدہ نظام وضع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زمینوں کی لیز سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو مسائل حل کرنے کی ہدایات دی جاتی ہیں۔

Related Articles