بیرون ملک روزگار کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے حکومت کی جانب سے ملازمتوں کی تلاش اور بھرتی کے عمل کی تصدیق کا آن لائن نظام موجود ہے، جس کے ذریعے امیدوار بیرون ملک دستیاب ہزاروں خالی آسامیوں کی تفصیلات حاصل کرنے کے ساتھ متعلقہ بھرتی ایجنسی اور ملازمت کے اجازت نامے کی جانچ بھی کرسکتے ہیں۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی سرکاری ویب سائٹ پر بیرون ملک ملازمتوں کی بڑی تعداد درج ہوتی ہے۔ اس پورٹل کے ذریعے امیدوار کسی بھی بھرتی ایجنسی کی جانب سے مشتہر کردہ آسامی تلاش کرنے اور اس کی قانونی حیثیت کی تصدیق کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔
بیرون ملک ملازمت کے لیے بھرتی کا عمل مخصوص قانونی ضابطوں کے تحت مکمل کیا جاتا ہے۔ پروٹیکٹر آف ایمیگرنٹس کی جانب سے لائسنس یافتہ بھرتی ایجنسی کو متعلقہ آجر کی طرف سے فراہم کردہ دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد مخصوص مدت کے لیے بھرتی کی اجازت دی جاتی ہے۔
ان دستاویزات کی تصدیق ایمیگریشن رولز 1979 میں بیان کردہ متعلقہ اداروں میں سے کسی ایک سے ہونا ضروری ہے۔ ان اداروں میں پاکستانی سفارت خانہ، متعلقہ ملک کی وزارت خارجہ یا پاکستان میں قائم اس ملک کا سفارت خانہ شامل ہے۔
ہر ملازمت کے اشتہار میں اجازت نامے کا نمبر درج کرنا لازمی
بھرتی کے لیے جاری ہونے والے ہر اجازت نامے کا ایک منفرد نمبر ہوتا ہے، جسے متعلقہ بھرتی ایجنسی کے لیے ملازمت کے اشتہار میں درج کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس نمبر کے ذریعے امیدوار یہ جان سکتے ہیں کہ مشتہر کردہ آسامی کے لیے متعلقہ ایجنسی کو باقاعدہ اجازت حاصل ہے یا نہیں۔
اجازت نامہ جاری ہونے کے بعد خودکار نظام کے تحت متعلقہ ملازمتیں بیورو آف امیگریشن کی ویب سائٹ پر پرمیشن ٹریکنگ نمبر (PTN) کے ساتھ ظاہر ہو جاتی ہیں۔ یہ آسامیاں اجازت نامے کی مقررہ مدت تک ویب سائٹ پر دستیاب رہتی ہیں۔
مدت ختم ہونے یا بھرتی مکمل ہونے پر آسامیاں ویب سائٹ سے ہٹا دی جاتی ہیں
متعلقہ اجازت نامے کی مدت ختم ہونے یا آسامیوں پر بھرتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد یہ ملازمتیں خودکار طریقے سے ویب سائٹ سے ہٹا دی جاتی ہیں۔ اس طرح امیدواروں کو دستیاب آسامیوں اور ان کی بھرتی کی موجودہ صورتحال سے متعلق معلومات مل سکتی ہیں۔
بیرون ملک ملازمت کے لیے بھرتی ایجنسی ذمہ دار ہوگی
بیرون ملک ان آسامیوں پر بھرتی کیے جانے والے افراد کی ملازمت سے متعلق مکمل ذمہ داری متعلقہ بھرتی ایجنسی پر عائد ہوتی ہے۔ اگر کسی امیدوار کو ملازمت کے حوالے سے کوئی شکایت ہو یا بھرتی کے عمل میں بے ضابطگی کا سامنا کرنا پڑے تو وہ بیورو آف امیگریشن یا پروٹیکٹر آف ایمیگرنٹس سے رجوع کرسکتا ہے۔
اس نظام کے ذریعے بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانی سرکاری ویب سائٹ پر آسامیوں کی تفصیلات، بھرتی کی اجازت اور متعلقہ ایجنسی کی حیثیت جانچ سکتے ہیں، جس سے غیر قانونی بھرتی اور جعلی ملازمتوں کے اشتہارات سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے