ایک وقت تھا جب پاکستان میں یہ جملہ عام سننے کو ملتا تھا کہ دنیا چاند پر پہنچ گئی اور ہم کہاں کھڑے ہیں، لیکن اب پاکستان کے خلائی سفر میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پاک فضائیہ کے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی چین کے شینژو 24 خلائی مشن کے لیے منتخب ہوگئے ہیں وہ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن کا سفر کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے ان کی شمولیت پاکستان کے لیے انسانی خلائی پرواز کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
محمد ذیشان علی 22 اگست 1986 کو سرگودھا میں پیدا ہوئے، انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز پاک فضائیہ سے کیا اور ونگ کمانڈر کے عہدے تک پہنچے، ہوا بازی کے شعبے میں ان کے تجربے اور عسکری تربیت نے انہیں خلائی مشن کے لیے منتخب ہونے والے امیدواروں میں شامل ہونے کا موقع فراہم کیا،ذاتی زندگی کے حوالے سے وہ شادی شدہ ہیں اور ان کی تین بیٹیاں ہیں۔
تین مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم
محمد ذیشان علی کا تعلیمی پس منظر بھی متنوع ہے انہوں نے ایرو سائنسز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وار اسٹڈیز کے شعبوں میں تعلیم حاصل کی،ان کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ مہارت میں ہوا بازی، جدید ٹیکنالوجی، اسٹریٹجک اسٹڈیز اور عسکری علوم شامل ہیں،یہ مختلف شعبے خلائی تحقیق کے لیے درکار تکنیکی فہم اور پیچیدہ نظاموں کے ساتھ کام کرنے کی صلاحیت سے متعلق اہمیت رکھتے ہیں۔
ایک سال کی تربیت سات ماہ میں مکمل کرلی
خلاء میں جانا صرف راکٹ میں بیٹھ کر زمین سے روانہ ہونے کا نام نہیں بلکہ اس کے لیے انتہائی سخت جسمانی، ذہنی اور تکنیکی تربیت درکار ہوتی ہے،محمد ذیشان علی نے چین میں خلا بازوں کی خصوصی تربیت حاصل کی، ان کے تربیتی پروگرام میں خلائی جہاز کے نظام، زیرو گریوٹی ماحول، ہنگامی حالات سے نمٹنے، خلائی اسٹیشن کے آپریشنز اور سائنسی تجربات کی عملی مشقیں شامل تھیں۔
انہوں نے تقریباً ایک سال پر مشتمل تربیتی پروگرام صرف سات ماہ میں مکمل کیا، چینی زبان کی تعلیم بھی ان کی تربیت کا اہم حصہ تھی تاکہ وہ چینی خلا بازوں کے ساتھ مؤثر انداز میں رابطہ قائم کرسکیں۔
خرم داؤد بھی خلائی تربیت کا حصہ تھے
پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کے تحت دو پاکستانی امیدواروں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو چین میں خلا بازوں کی تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا،دونوں امیدواروں نے سخت تربیتی مراحل اور مختلف تکنیکی جانچ کے عمل میں حصہ لیا، تاہم شینژو 24 کے حتمی عملے میں محمد ذیشان علی کو شامل کیا گیا۔
خلائی مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی ذمہ داریاں
محمد ذیشان علی مشن میں بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ خدمات انجام دیں گے، ان کی بنیادی ذمہ داری خلائی اسٹیشن پر سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لینا ہوگی،پاکستان اور چین کے مشترکہ تحقیقی منصوبوں میں بائیو ٹیکنالوجی اور میٹریلز سائنس کے شعبوں کو شامل کیا گیا ہے، ان تجربات کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کی جائے گی کہ خلائی ماحول میں حیاتیاتی مواد اور مختلف سائنسی اجزا کس طرح ردعمل ظاہر کرتے ہیں،یہ تحقیق مستقبل میں پاکستان کے سائنسی اور تکنیکی شعبوں کے لیے بھی اہم معلومات فراہم کرسکتی ہے۔
شینژو 24 مشن میں تین خلا باز شامل
چین کے شینژو 24 خلائی مشن میں تین رکنی عملہ شامل ہے، تانگ ہونگبو: مشن کے کمانڈر، وو یی فلائٹ انجینئر، محمد ذیشان علی پاکستانی پے لوڈ اسپیشلسٹ مشن کے لیے 25 نومبر 2026 کی تاریخ مقرر کی گئی ہے، خلائی جہاز چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے روانہ ہوگا،محمد ذیشان علی کا خلائی اسٹیشن پر قیام مختصر ہوگا اور وہ تقریباً پانچ روزہ خلائی پرواز کے بعد شینژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔
پاکستان کے لیے کیوں اہم ہے یہ مشن؟
محمد ذیشان علی کی خلائی پرواز پاکستان کے لیے اس اعتبار سے اہم ہے کہ پہلی مرتبہ کوئی پاکستانی شہری چین کے انسانی خلائی پروگرام کے تحت اس کے خلائی اسٹیشن کا دورہ کرے گا۔ وہ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہوں گے۔
چاند اور مریخ تک رسائی کی تیاریوں کا دور
دنیا کے ترقی یافتہ ممالک اب محض زمین کے مدار تک محدود نہیں بلکہ چاند پر دوبارہ انسانی موجودگی قائم کرنے اور مستقبل میں مریخ تک رسائی کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں،امریکہ اپنے آرٹیمس پروگرام کے تحت انسانوں کو دوبارہ چاند پر اتارنے کی تیاری کررہا ہے، جبکہ چین نے بھی 2030 تک انسانوں کو چاند پر اتارنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔
ایسے عالمی ماحول میں پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ وہ خلائی تحقیق، سیٹلائٹ ٹیکنالوجی، سائنسی تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اپنی صلاحیتیں بڑھائے،محمد ذیشان علی کا مشن اس سمت میں ایک اہم موقع فراہم کرسکتا ہے، تاہم خلائی میدان میں مستقل مقام بنانے کے لیے پاکستان کو طویل المدتی سرمایہ کاری، تحقیق، تربیت اور اپنے سائنسی اداروں کی استعداد بڑھانے کی ضرورت ہوگی۔
نوجوان نسل کے لیے نئی امید
محمد ذیشان علی نے اپنے خلائی سفر کو 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدوں کی نمائندگی قرار دیا ہے۔ ان کی کامیابی پاکستانی نوجوانوں کو یہ پیغام دیتی ہے کہ ہوا بازی، انجینئرنگ، سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں محنت اور اعلیٰ تربیت کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی جگہ بنائی جاسکتی ہے۔
پاکستان کے لیے اصل چیلنج اب اس کامیابی کو ایک مستقل خلائی پروگرام میں تبدیل کرنا ہے تاکہ مستقبل میں پاکستانی سائنس دان، انجینئرز اور خلا باز بھی عالمی خلائی تحقیق میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔
