سالانہ تعطیلات کے سرکاری شیڈول کے مطابق ملک بھر میں آئندہ عام تعطیل 25 دسمبر کو قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش اور کرسمس کے موقع پر ہوگی، جبکہ سرکاری ملازمین کو مسلسل تین تعطیلات ملنے کا قوی امکان ہے۔
کیلنڈر کے مطابق رواں سال 25 دسمبر بروز جمعہ آرہا ہے، جس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات کے باعث وفاقی اور صوبائی سرکاری ملازمین، جن کے دفاتر میں ہفتہ اور اتوار کو چھٹی ہوتی ہے، مسلسل تین روز تعطیلات سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
سالانہ تعطیلات کے شیڈول میں مسیحی برادری کے ملازمین کے لیے 26 دسمبر بروز ہفتہ، کرسمس کے اگلے روز کی خصوصی تعطیل بھی شامل ہے۔
تاہم وفاقی حکومت یا کابینہ ڈویژن کی جانب سے 25 دسمبر کی عام تعطیل کے حوالے سے علیحدہ باضابطہ نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں کیا گیا، جو عموماً مقررہ تاریخ سے چند روز قبل جاری کیا جاتا ہے۔
نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد ملک بھر میں سرکاری و نیم سرکاری دفاتر، بینک اور تعلیمی ادارے متعلقہ احکامات کے مطابق بند رہیں گے۔
